پی سی بی بھارت سے سیریز کیلیے پیچھے بھاگنا بند کرے ، سپر لیگ پاکستان میں ہوتی تو بہت بہتر ہوتا، شاہد آفریدی

جمعہ 18 ستمبر 2015 15:00

پی سی بی بھارت سے سیریز کیلیے پیچھے بھاگنا بند کرے ، سپر لیگ پاکستان ..

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار18ستمبر ۔2015ء ) قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بھارت سے سیریز کے لیے ان کے پیچھے بھاگنا بند کرے ، ملک کے حالات بہتر ہورہے ہیں سپر لیگ پاکستان میں ہوتی تو بہت بہتر ہوتا ۔ تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں بھارت کا ساتھ دیا اور وہاں کی عوام بھی دونوں ممالک کو کرکٹ کھیلتا دیکھنا چاہتی ہے لیکن اصل مسئلہ وہاں کی حکومت کا ہے ۔

پی سی بی کو بھی چاہیے کہ اگر بھارت نہیں کھیلنا چاہتا تو وہ بھی ان کے پیچھے بھاگنا بند کرے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ منعقد کرنے کا سارا کریڈٹ پی سی بی کو جاتا ہے ، ملک کے حالات دن بدن بہتر ہورہے ہیں ، باہر کے لڑکوں کو اچھی آفرز ہوئی تو وہ ضرور کھیلنے آئیں گے اگر سپر لیگ پاکستان میں ہوتی تو سونے پر سہا گا والی بات ہوتی تاہم بورڈ کی جانب سے ایسے فیصلے ہونے چاہیے جس سے آنے والے کرکٹرز کو فائدہ ہو ۔

(جاری ہے)

ٹی ٹونٹی کپتان کے مطابق قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں بہت زبردست کرکٹ ہوئی اور ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2016ء سے پہلے بہت اچھا کمبی نیشن بنے گا ، انہوں نے قومی اوپنر احمد شہزاد کو شادی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ وہ خوش رہے اور جیون ساتھی کے ساتھ پیار ومحبت سے زندگی گزارے ۔

متعلقہ عنوان :