سپریم کورٹ کی تفریح گاہوں، عوامی مقامات اور ہوٹلوں پر سرعام شیشہ سینٹرز کے قیام کیخلاف کارروائی کی ہدایت

جمعہ 18 ستمبر 2015 22:40

سپریم کورٹ کی تفریح گاہوں، عوامی مقامات اور ہوٹلوں پر سرعام شیشہ سینٹرز ..

اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 ستمبر۔2015ء) سپریم کورٹ نے شاہراہوں وتفریح گاہوں سمیت عوامی مقامات اور ہوٹلوں پر سرعام شیشہ سینٹرز کے قیام کا نوٹس لیتے ہوئے چاروں صوبائی حکومتوں کوان کیخلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ صوبے شیشہ سنٹروں کیخلاف موثرکارروائی کرکے آئندہ سماعت پرعدالت میں تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔

جمعہ کو چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے عوامی مقامات پر تمباکو نوشی کیخلاف مقدمے کی سماعت کی۔ اس موقع پر چیف جسٹس کاکہناتھاکہ عوامی جگہوں،تفریحی مقامات اور ہوٹلوں پر کھلے عام شیشے کا استعمال کیا جارہا ہے جسے روکنے والا کوئی نہیں،کراچی میں بھی کھلے عام شیشہ سینٹرز چلائے جارہے ہیں، شیشے میں خوشبو ڈال کر نوجوان نسل کو ورغلاکربتایا جاتا ہے کہ شیشے میں مضر صحت چیز نہیں ہوتی جس سے نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے پیش ہوکر بتایا کہ آئندہ سال تمباکو نوشی کے اشتہارات پر پچاسی فیصد پابندی لگا دی جائے گی۔ اس کے ساتھ حال ہی میں دو شیشیہ سنٹروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ۔ بعدازاں عدالت نے چاروں صوبوں کوشیشہ سینٹرز کیخلاف کارروائی کرکے ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :