سابق ٹیسٹ کرکٹر انتخاب عالم کو قومی ٹیم کا منیجر مقرر کرنے کی تیاری

ہفتہ 19 ستمبر 2015 10:56

سابق ٹیسٹ کرکٹر انتخاب عالم کو قومی ٹیم کا منیجر مقرر کرنے کی تیاری

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار19ستمبر ۔2015ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انتخاب عالم کو بھی نئی ذمہ داریاں سونپنے کی تیاریاں کرلیں، فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا سربراہ مقرر کیے جانے والے نوید اکرم چیمہ کا خلا پُرکرنے کیلیے قومی ٹیم کا منیجر بنائے جانے کا قوی امکان ہے . تفصیلات کے مطابق رواں برس شیڈول پاک، بھارت سیریز خطرے میں دیکھ کر پی سی بی نے بڑی تعداد میں ملازمین کو فارغ کرنیکا پروگرام بنایا ہے، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کا عہدہ ختم کرکے ذاکر خان کو قومی اے اور انڈر19 ٹیموں کی مینجر کی ذمہ داری سونپنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جاچکا ہے اور اب ڈائریکٹر ڈومیسٹک کا عہدہ بھی ختم کرکے انتخاب عالم کو عبوری منیجر کی حیثیت سے قومی ٹیم کے ہمراہ زمبابوے روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں یہ ذمہ داری نبھانے والے نوید اکرم چیمہ کو وزیراعظم نوازشریف نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا سربراہ مقررکیا ہے، ذرائع کے مطابق نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد وہ آئندہ ہفتے عہدے کا چارج سنبھالیں گے ۔ انھوں نے قذافی سٹیڈیم لاہورمیں چیئرمین پی سی بی شہریارخان سے ملاقات میں اپنی نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے آگاہ کیا ، نوید چیمہ نے بورڈ کے سربراہ کو بتایا کہ اب وہ قومی ٹیم کے منیجرکی حیثیت سے مزید ذمہ داری نہیں نبھا سکتے، ذرائع کے مطابق نوید اکرم چیمہ کی معذرت نے حکام کی مشکل آسان بنا دی اور انتخاب عالم کو ٹیم منیجر مقرر کرنے کا قوی امکان ہے جسکا حتمی اعلان چند روز تک ہوگا ۔

میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے کہاکہ دورہ زمبابوے کیلیے عارضی منیجر کا اعلان 2 سے 3روز تک کیا جائے گا،کسی موزوں شخص کی مستقل تقرری کا فیصلہ باہمی مشاورت سے انگلینڈ کیخلاف سیریز سے قبل کر لیں گے ۔

متعلقہ عنوان :