پی ایس اے انٹرنیشنل سکوائش ٹورنامنٹ 29 ستمبر سے شروع ہو گا

ہفتہ 19 ستمبر 2015 11:39

پی ایس اے انٹرنیشنل سکوائش ٹورنامنٹ 29 ستمبر سے شروع ہو گا

اسلام آباد ۔ 19 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 ستمبر۔2015ء) پاکستان سکوائش فیڈریشن کے زیر اہتمام پی ایس اے انٹرنیشنل سکوائش ٹورنامنٹ 29 ستمبر سے 6 اکتوبر تک مصحف علی سکوائش کمپلیکس، اسلام آباد میں کھیلا جائے گا جس میں 4 غیر ملکی ٹیموں نے باضابطہ طور پر شرکت کی تصدیق کردی ہے۔ پاکستان سکوائش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن عامر نواز کے مطابق ایونٹ کے پری کوالیفائنگ راؤنڈ کا آغاز 29 ستمبر سے ہوگا۔

کوالیفائنگ راؤنڈ 2 اکتوبر جبکہ مین راؤنڈ 3 سے 6 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سکوائش ٹورنامنٹ میں امریکا ‘ مصر ‘ نیوزی لینڈ اور آسٹریا کے کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھی ٹورنامنٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں کثیر تعداد میں غیر ملکی کھلاڑیوں نے حصہ لیا، کھلاڑیوں کو بھرپور سیکورٹی فراہم کی گئی اور تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان کی سیکورٹی کی صورتحال سے مطمئن رہے ، اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر پاکستان کو 2 مزید انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے رہے ہیں اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا امیج مزید بہتر ہو جائے گا اور سکوائش کے ساتھ دیگر کھیلوں کے کھلاڑی بھی پاکستان آنا شروع ہو جائیں گے اور بہت جلد پاکستان میں کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے۔