پی ایچ ایف سے معافی کا مطالبہ نہیں کیا ‘ انڈین ہاکی فیڈریشن کے سربراہ کا یوٹرن

ہفتہ 19 ستمبر 2015 12:59

پی ایچ ایف سے معافی کا مطالبہ نہیں کیا ‘ انڈین ہاکی فیڈریشن کے سربراہ ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 ستمبر۔2015ء)انڈین ہاکی فیڈریشن کے سربراہ نریندر بترا نے یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پی ایچ ایف سے معافی کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ آئندہ انٹرنیشنل ایونٹس میں بہتر رویہ رکھنے کو کہا تھامیڈیا نے ان کے بیان کو غلط انداز سے پیش کیاانڈین ہاکی فیڈریشن کے صدر نریندر بترا نے دو روز قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ چمپئن ز ٹرافی میں پاکستانی کھلاڑیوں کا رویہ نامناسب تھا اور پاکستان ہاکی فیڈریشن جب تک اپنے پلیئرز کے رویے پر معافی نہیں طلب کرے گی پاک، بھارت ہاکی مقابلے نہیں ہوسکتے۔

صورتحال میں نریندر بترا اپنے سابقہ بیان سے پھر گئے اور انہوں نے یوٹرن لیتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے ان کا بیان غلط انداز سے پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے معافی کا مطالبہ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی ایونٹس میں آئندہ بھی پاکستان اور بھارت کا ٹکراوٴ ہوگا۔ اس لیے انہوں نے مستقبل کے ایونٹس میں پاکستانی کھلاڑیوں کو بہتر رویہ اختیار کرنے کو کہا تھا تاکہ دوبارہ ایسی منفی صورتحال پیدا نہ ہو اور دونوں ممالک کے ہاکی تعلقات بہتر رہیں۔

بترا کے اس بیان پر پی ایچ ایف کے موجودہ اور سابق سیکریٹریز شہناز شیخ اور شہباز احمد نے سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی ایچ کی جانب سے پاکستان کے دو کھلاڑیوں پر پابندی کے ساتھ یہ معاملہ اسی وقت ختم ہوگیا تھا۔ ایف آئی ایچ نے بھی شہناز اور شہباز کی تائید کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کے اختلافات میں ثالثی سے انکار کر دیا۔