دورہ بنگلہ دیش کے لیے آسٹریلین کپتان سٹیو سمتھ کا روایتی جارحیت ترک کرنے پر غور

ہفتہ 19 ستمبر 2015 15:43

دورہ بنگلہ دیش کے لیے آسٹریلین کپتان سٹیو سمتھ کا روایتی جارحیت ترک ..

سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار19ستمبر ۔2015ء ) آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش کے دوران کپتان سٹیو سمتھ نے کینگروز کی روایتی جارحانہ حکمت عملی ترک کرکے دفاعی انداز اختیار کرنے امکان ظاہر کیا ہے ۔ کینگروز حال ہی میں انگلینڈ کےخلاف ایشز سیریز ہار چکے ہیں اور ان کا جنوبی ایشیا میں ریکارڈ زیادہ اچھا نہیں ہے ۔ آسٹریلیا نے اس خطے میں گذشتہ 15 میں سے صرف ایک ٹیسٹ اپنے نام کیا ہے جب کہ انہیں 2010ء اور 2013ء میں بھارت نے اور گذشتہ برس پاکستان نے امارت میں کلین سوئپ کی ہزیمت سے دوچار کیا تھا۔

بنگلہ دیشی ٹیم تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہے اور اس نے پاکستان، جنوبی افریقا اور بھارت کو ون ڈے سیریز میں شکست دے کر نئے دور کا اشارہ دیا ہے۔ اس ریکارڈ کے پیش نظر آسٹریلین ٹیم کے کپتان سٹیو سمتھ نے ٹائیگرز کے خلاف جارحانہ انداز ترک کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ ہم آسٹریلیا میں کسی بھی ٹیم کے خلاف جارحیت کا مظاہرہ کرکے اسے آئوٹ کرسکتے ہیں لیکن برصغیر میں ایسا ممکن نہیں ، وہ سمجھتے ہیں کہ بنگلہ دیش میں ہمیں وکٹیں لینے کیلیے بیٹسمینوں کو وکٹ پر کھڑے کھڑے ’’بور‘‘ کرنا ہوگا اور وہ انہیں اکتا کر ہی آئوٹ کرسکتے ہیں۔

بولنگ کی ابتدا میں دفاعی فیلڈنگ زیادہ فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے ، گیند پرانی ہونے پر جب وہ سپن اور ریورس سوئنگ شروع کرے تو ہم انداز تبدیل کرسکتے ہیں ۔ خیال رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 اکتوبر تک چٹاگانگ اور دوسرا 17 سے 21 اکتوبر تک ڈھاکا میں کھیلا جائے گا ۔