متحدہ قومی موومنٹ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے ہر عمل کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی رہے گی،عبدالرحمن ایڈووکیٹ

ہفتہ 19 ستمبر 2015 20:14

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 ستمبر۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے ہر عمل کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی رہے گی ۔سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے غیر قانونی حلقہ بندی کے عمل کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ حق اور سچ کی فتح ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ایم کیوایم ٹنڈو الہ یار زون کے قائم مقام زونل انچارج عبدالرحمان ایڈوکیٹ نے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے لئے کی جانے والی غیر قانونی حلقہ بندیوں کے خلاف فیصلہ سنائے جانے کے بعد زونل آفس پر مبارکباد کے لئے آنے والے کارکنان اور حق پرست عوام سے گفتگو کے دوران کیا۔

اس موقع پر انکے ہمراہ جوائنٹ زونل انچارج بابو احمد راجپوت و اراکین زونل کمیٹی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے من مانی حلقہ بندیاں کر کے جہاں ایک جانب اپنے ہی قانون کا مذاق بنایا گیا وہیں دوسری جانب عوام کو نچلی سطح پر اختیارات منتقل کرنے کے وعدے سے بھی انحراف کیا گیا۔ سندھ بھر میں غیر قانونی حلقہ بندیوں کے ذریعے پیپلز پارٹی نے سندھ کی عوام پر اپنا تسلط قائم رکھنے کی کوشش کی جسے سندھ ہائی کورٹ کے تاریخی فیصلے نے نہ صرف ناکام بنا دیا ہے ۔

بلکہ عوام کے سامنے پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کا اصل چہرہ بھی عیاں کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کی جانب سے غیر قانونی حلقہ بندیوں کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کی گئی لیکن کسی بھی قسم کا ریلیف نہ ملنے کے بعد عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ تاکہ بلدیاتی انتخابات میں عوام کو اپنے حقیقی نمائندے منتخب کرنے کا بھرپور موقع مل سکے۔انہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے سے ثابت ہو گیا ہے کہ حلقہ بندی کا تمام تر عمل بدنیتی پر مبنی تھا۔ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے بد نیت حکمرانوں کے خلاف فیصلہ سنائیں گے۔اس موقع پر سندھ ہائی کورٹ کے تاریخی فیصلے کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :