کھیل ذہنی و جسمانی تندرستی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں‘ مصباح الحق

تعلیم یافتہ اور باشعور کھلاڑی محنت سے اپنا مقام بنا سکتے ہیں‘ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام کھیلوں کی بنیاد پرکرکٹ ٹر ائلزکی اختتامی تقریب سے خطاب

ہفتہ 19 ستمبر 2015 20:14

کھیل ذہنی و جسمانی تندرستی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں‘ مصباح الحق

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 ستمبر۔2015ء) پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین مصبا ح الحق نے کہا ہے کہ معاشرے کی ترقی ذہنی و جسمانی طور پر تندرست افرادکے بغیر ممکن نہیں جس کے لئے کھیل کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، تعلیم یافتہ اور باشعور کھلاڑی محنت سے اپنا مقام بنا سکتے ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام مختلف شعبہ جات میں کھیلوں کی بنیاد پر داخلوں کے خواہشمند امیدواروں کے لئے نیو کیمپس گراونڈ میں کرکٹ ٹرائلز کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران ، معروف تجزیہ نگار محمد اکرم چوہدری، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی، قائم مقام ڈائریکٹر سپورٹس شمسہ ہاشمی ، اقامتی آفیسر اول پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید،ایڈیشنل رجسٹرار ڈاکٹر کامران عابد، ایڈیشنل رجسٹرار ٹو ملک محمد ظہیر، ڈائریکٹر شعبہ امور طلبہ شاہد گل اور کھلاڑی طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھتے ہوئے پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلوں کے تعلقات بحال ہونے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی حوصلہ افزائی کے لئے سکول ، کالجز کی سطح سے اقدامات کرنے چاہیے۔ انہوں نے کھیلوں کے فروغ میں پنجاب یونیورسٹی کے کردار کو سراہا۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ مصباح الحق جیسے نامور کھلاڑیوں کواپنے درمیان دیکھ کر جونئیرز میں جوش اور ولولہ پید ا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت افراد کی ذہنی نشوونما، تربیت اور نظم وضبط کی بہتری کے لئے سکول کی سطح سے ماہرین نفسیات اور دیگر ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔