پیپلز پارٹی کے اڑھائی سالہ دور میں 400ارب کی کرپشن ہوئی ‘اگر آج بھی ملک میں زرداری کی طرح قیادت ہوتی تو ملک کا کیا ہوتا ‘ مسلم لیگ فنکشنل نے نہ کبھی کرپشن کی ہے اور نہ ہی کرپشن کی حمایت کی ہے

مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے رہنماء اور سابق صوبائی وزیر معدنیات امام الدین شوقین کا شمولیتی تقریب سے خطاب

ہفتہ 19 ستمبر 2015 21:11

پیپلز پارٹی کے اڑھائی سالہ دور میں 400ارب کی کرپشن ہوئی ‘اگر آج بھی ملک ..

شہدادپور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 ستمبر۔2015ء) مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے رہنماء اور سابق صوبائی وزیر معدنیات امام الدین شوقین نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے اڑھائی سالہ دور میں 400۔ارب روپے کی کرپشن ہوئی ہے اگر آج بھی ملک میں زرداری کی طرح قیادت ہوتی تو ملک کا کیا ہوتا ۔ مسلم لیگ فنکشنل نے نہ کبھی کرپشن کی ہے اور نہ ہی کرپشن کی حمایت کی ہے ۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہار معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور پیپلز پارٹی کے رہنماء رانا عبدالستار کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت کیلئے منعقدہ ایک پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ سندھ میں پولیس بے گناہ لوگوں کو پکڑتی ہے اور رشوت لے کر چھوڑدیتی ہے ۔اگر آپ ملک میں تبدیلی چاہتے ہیں تو آپ کو اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرنا ہو گا ۔

(جاری ہے)

آپ جب تک اپنے ووٹوں سے اچھے لوگ نہیں لائیں گے تب تک آپ کی قسمت نہیں بدلے گی ۔ انھوں نے کہا کہ سیاست دان لوگوں کا حق کھا جاتے ہیں ہمیں سیاست عبادت سمجھ کر کرنی ہو گی ۔ مسلم لیگ کے اکابرین میں سے کوئی بھی کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کریں گے اگر کوئی زیادتی کرے گا تو ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہونگے ۔انھوں نے کہا کہ ہم نے نا مساعد حالات کے باوجود لوگوں کا ساتھ دیا ۔

آرمی چیف نے فوج کے کرپٹ افسران پر ہاتھ ڈال کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ ہر سطح پر کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں ۔آج پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ضلع سانگھڑ کی عوام کے لئے 20 کروڑ کی لاگت سے ٹنڈوآدم میں عظیم الشان میڈیکل کالج بنایا جا رہا ہے جس کی تعمیر کا آغاز ہو چکا ہے ۔اس سے ضلع سانگھڑ کے طلبہ و طالبات کو تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی ۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں بہت زیادہ کرپشن کی ہے ۔ صرف ٹنڈوآدم میونسپل کمیٹی کے افسران ماہانہ 25۔لاکھ روپے تک کی کرپشن کر کے لے جاتے ہیں اور پورے سندھ کی یہی حالت ہے ۔ اس موقع پر مسلم لیگ ضلع سانگھڑ کے جنرل سیکریٹری رانا سردار علی ، سابق ایم پی اے محمد بخش خاصخیلی ، ماہی خان وسان ، رانا عبدالستار ، فہد خان وسان ، مختیار علی سہتو ، رانا خالد صدر و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر مسلم لیگی رہنماؤں نے معروف سیاسی اور سماجی شخصیت اور پیپلز پارٹی کے سابق رہنماء رانا عبدالستار کو اجرکوں کا تحفہ پیش کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے ۔ پروگرام کے آخر میں رانا عبدالستار نے اعلان کیا کہ مسلم لیگی رہنماء اور سابق صوبائی وزیر معدنیات امام الدین شوقین کی لازوال سیاسی اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسی ہفتے تاج پوشی کی جائے گی ۔