پی ایچ ایف کوچنگ ایجوکیشن پروگرام 28 ستمبر سے راولپنڈی میں شروع ہو گا

بدھ 23 ستمبر 2015 13:29

پی ایچ ایف کوچنگ ایجوکیشن پروگرام 28 ستمبر سے راولپنڈی میں شروع ہو گا

اسلام آباد ۔ 23 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 ستمبر۔2015ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے زیر اہتمام کوچنگ ایجوکیشن پروگرام 28 ستمبر سے 5 اکتوبر تک آرمی ہاکی سٹیڈیم راولپنڈی میں منعقد ہو گا۔ پی ایچ ایف کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق نیشنل کوچز کلینک کے انعقاد کا مقصد پی ایچ ایف ڈویلپمنٹ پلان کا حصہ ہے جس کا مقصد کوچز کی جدید سائنسی بنیادوں پر ان کی تکنیکی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اولمپین خواجہ محمد جنید چیف کوآرڈینیٹر اور لیفٹینینٹ کرنل (ر) ندیم احمد بھٹی کورس کوآرڈینیٹر ہوں گے جبکہ ایف آئی ایچ ماسٹر کوچ اولمپین طاہر زمان کورس کنڈکٹر کے فرائض انجام دیں گے۔ پروگرام میں شرکت کیلئے میجر اسد ضیاء ملک، محمدعثمان، محمدثقلین، محمدسرور، مدثر علی خان، مرزا وحید بیگ، بابر عبداللہ، محمدخالد، خاور جاوید، محمدعلی خان، کامران اشرف، ڈاکٹرعاطف بشیر، محمدرشید، ریحان بٹ، کاشف جواد، محمدعمران، جنیدخان جدون اور کامران صابر کو مدعو کیا گیا ہے اور تمام کوچز کو 28 ستمبر کو راولپنڈی میں اولمپین طاہر زمان کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔