برطانوی سپنر ظفر انصاری کا پاکستان کیخلاف انٹرنیشنل ڈبییو کا خواب بکھرنے لگا

بدھ 23 ستمبر 2015 16:40

برطانوی سپنر ظفر انصاری کا پاکستان کیخلاف انٹرنیشنل ڈبییو کا خواب ..

لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار23ستمبر ۔2015ء ) انگلینڈ کے پاکستان نژاد سپنر ظفر انصاری کا آبائی وطن کے خلاف انٹرنیشنل کیریئر شروع کرنے کا خواب چکناچور ہوتا دکھائی دے رہا ہے ۔ سرے کے نوجوان آل رائونڈر کا نام انگلش سکواڈ میں شامل کیا گیا جو آئندہ ماہ عرب امارات میں پاکستان کا سامنا کرے گا تاہم سلیکٹ ہوتے ہی وہ بدقسمتی سے لنکاشائر کے خلاف کائونٹی میچ میں انگوٹھا اتروا بیٹھے۔

(جاری ہے)

اب بدھ کو ڈاکٹرز فیصلہ کریں گے انہیں انجری سے نجات کیلیے سرجری کی ضرورت ہے یا نہیں، ماہرین کےمطابق اگر سرجری نہیں کی گئی تب بھی ری ہیبلی ٹیشن میں اتنا وقت لگ جائے گا کہ یو اے ای کی فلائٹ مس کرجائیں گے اور انگلینڈ کو مجبوراً ان کے متبادل کو ٹیم میں شامل کرنا پڑے گا۔ انگلش سائیڈ 30 ستمبر کو امارات کیلیے روانہ ہوگی جہاں شارجہ میں پانچ اور چھ اکتوبر کو پاکستان اے خلاف پہلا دو روزہ میچ کھیلے گی۔ دونوں ممالک کے درمیان پہلا ٹیسٹ 13 اکتوبر سے ابوظبی میں ہوگا۔ انگلش سلیکٹرز ٖظفر انصاری کی جگہ گیرتھ بیٹی یا سائمن کیریگن کے ناموں پر غور کرسکتے ہیں۔ خیال رہے کہ گیرتھ بیٹی 6 برس سے انٹرنیشنل کرکٹ سے دور ہیں اور وہ 13 اکتوبر کو 38 سال کے ہوجائیں گے ۔