افغانستان میں فٹ بال میچ کے دوران خودکش حملہ، 9 افراد ہلاک اور50 سے زائد زخمی

پیر 28 ستمبر 2015 12:04

افغانستان میں فٹ بال میچ کے دوران خودکش حملہ، 9 افراد ہلاک اور50 سے زائد ..

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 ستمبر۔2015ء) افغانستان میں فٹ بال میچ کے دوران خود کش حملے میں 9 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جہاں بعض افراد کی حالت تشویش نا ک ہونے سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

پیر کو افغان میڈیا کے مطابق جنوب مشرقی صوبے پکتیکا میں فٹ بال میچ کے دوران کئے جانے والے خود کش حملے کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک جب کہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے،وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی نے 9 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے، تاہم پکتیکا کے پولیس سربراہ زراور زاہد کے مطابق دس افراد ہلاک جبکہ بچوں سمیت 33 زخمی ہوئے۔

دھماکے کے فوری بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کرلاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا جہاں بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے گاڑی گراوٴنڈ میں لے جا کر دھماکے سے اڑادی جب کہ حملہ آور کا اصل ہدف مقامی حکومتی عہدیدار تھے جو اس وقت میچ دیکھ رہے تھے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال اسی صوبے میں والی بال میچ کے دوران دوران دھماکے کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ابھی تک کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔