آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے قرض کی آٹھویں قسط کی منظوری دے دی۔

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 29 ستمبر 2015 16:49

آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے قرض کی آٹھویں قسط کی منظوری دے دی۔

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 29 ستمبر 2015 ء) : آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے قرض کی آٹھویں قسط کی منظوری دے دی ہےجس کے تحت پاکستان کو آئندہ ہفتے 50 کروڑ ڈالر کی رقم مل جائے گی، آٹھویں قسط کے اجرا کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 19 ارب ڈالر سے تجاوز کرجائیں گے۔تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس نے واشنگٹن میں پاکستان کو قرض کی آٹھویں قسط جاری کرنے کی منظوری دی۔

آئی ایم ایف کی طرف سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے آٹھویں جائزہ مشن کی رپورٹ کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔پاکستان کی معیشت بہتر ہورہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کو خصوصی حقوق کے تحت قرض کی منظوری دی ہے۔

(جاری ہے)

آٹھویں جائزہ مشن کی کامیاب تکمیل پر پاکستان کو 50 کروڑ 40 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دی گئی۔

وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اگلے ہفتے 50 کروڑ ڈالر موصول ہوجائیں گے جس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 19 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔سال 2013ء میں غیرملکی ادائیگیوں کے دباؤ کو دیکھتے ہوئے آئی ایم ایف نے مجموعی طور پر پاکستان کے لیے 6.6 ارب ڈالر قرض کی منظوری دی تھی جس میں سے اب تک ساڑھے چار ارب ڈالر سے زائد پاکستان کو موصول ہو چکے ہیں.

متعلقہ عنوان :