دنیا کے سب سے زیادہ استعمال ہونے والےسرچ انجن گوگل کے ایک منٹ کے لیے مالک بننے کی عجیب کہانی

گوگل انتظامیہ بھی حرکت میں‌آ گئی، معاملات کے جائزے کا آغاز

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 2 اکتوبر 2015 12:40

دنیا کے سب سے زیادہ استعمال ہونے والےسرچ انجن گوگل کے ایک منٹ کے لیے ..

نیویارک(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 02 اکتوبر2015 ء) : گوگل ڈاٹ کام پوری دنیا میں سب سے زیادہ استعمال کیا جانے والا سرچ انجن ہے جس سے قریباً ہر انٹر نیٹ صارف ہی واقف ہے. گوگل کو اگر کوئی خریدنا چاہے تو بھی بہت مشکل ہے کیونکہ گوگل کی مالیت کا اندازہ لگانا ہی اتنا مشکل ہے تو خریدنا تو دور کی بات لیکن حال ہی میں ایک شخص گوگل کو چند ڈالرز کے عوض خریدنے میں کامیاب ہو گیا، اور پورے ایک منٹ تک گوگل کا مالک رہا. تفصیلات کے مطابق ایسا دلچسپ واقعہ گوگل کے ایک سابق عہدیدار سان مے ویڈ کے ساتھ پیش آیا جنہوں نے گوگل ڈاٹ کام کو خرید لیا مگر ان کی ملکیت کا دورانیہ صرف ایک منٹ رہا۔

اس دلچسپ واقعہ کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے سان مے ویڈ نے بتایا کہ وہ گوگل کی ویب سائٹ ڈومینز خریدنے کی سائٹ کا جائزہ لے رہے تھے جب انہوں نے نوٹس کیا کہ گوگل ڈاٹ کام بھی خریداری کے لیے دستیاب ہے۔

(جاری ہے)

اور سب سے دلچسپ بات یہ تھی کہ دنیا کی سب سے زیادہ ٹریفک والی اس ڈومین کی قیمت تھی صرف 12 ڈالرز۔سان مے ویڈ کا کہنا تھا کہ میں گوگل میں کام کرچُکا ہوں اور اسی لیے میں نے گوگل ڈاٹ کام کو ٹائپ کیا تو یہ جان کر حیران رہ گیا کہ اسے خریدا جاسکتا ہے، پہلے تو مجھے یہ کوئی غلطی لگی مگر خریداری کا پورا عمل بھی مکمل ہوگیا۔

گوگل کی جانب سے خریداری کرنے پر انہیں سائٹ کی اندرونی معلومات پر مبنی ای میلز بھی موصول ہوئی اور حیرت انگیز طور پر انہیں پورے ایک منٹ تک ویب ماسٹر کنٹرولز تک رسائی بھی حاصل رہی۔تاہم گوگل پر ان کی حکمرانی ایک منٹ تک ہی رہی جس کے بعد گوگل ڈومینز نے خریداری کا عمل منسوخ کرتے ہوئے سان مے ویڈ کو ان کے 12 ڈالرز واپس کردیئے۔تاہم سان مے کا کہنا ہے کہ اگرچہ مجھے صرف ایک منٹ تک ہی کنٹرولز پر رسائی حاصل رہی مگر اب میں کم از کم یہ تو کہہ سکتا ہوں کہ میں وہ شخص ہوں جو ایک منٹ تک گوگل ڈاٹ کام کا مالک رہا۔
ابھی تک یہ واضح نہیں کہ ایسا کیسے ہوا تاہم اس واقعہ کی آگہی ہوتے ہی گوگل انتظامیہ بھی حرکت میں آگئی .گوگل کے ایک نمائندے کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو دیکھا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :