بھارت کرکٹ اینڈ کنڑول بورڈ کا خصوصی جنرل اجلاس اتوار کو طلب

نئے صدر کا انتخاب کیا جائے گا ،ششانک منوہار صدارت کیلئے مضبوط امیدوار ہونگے

جمعہ 2 اکتوبر 2015 18:15

بھارت کرکٹ اینڈ کنڑول بورڈ کا خصوصی جنرل اجلاس اتوار کو طلب

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 اکتوبر۔2015ء) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کا خصوصی جنرل اجلاس اتوار کو طلب کر لیا گیا ہے جس میں بورڈ کے نئے صدر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ ششانک منوہار مضبوط امیدوار ہیں اور انہیں اس عہدے کیلئے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جگموہن ڈالمیا کی وفات کے بعد بھارت میں نئے جانشین کیلئے رسہ کشی شروع ہو گئی تھی اور سری نواسن اور انوراگ ٹھاکر کے گروپ سرگرم ہو گئے تھے، شرد پوار بھی دنیا کے پاورفل کرکٹ بورڈ کا کنٹرول سنبھالنے کے خواب دیکھ رہے تھے۔

ڈالمیا 20 ستمبر کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ ششانک منوہار کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی حمایت حاصل ہے اسلئے انہیں عہدے کیلئے مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے اور اس بات کا بھی امکان ہے کہ وہ کل بلا مقابلہ بورڈ کے نئے صدر منتخب ہو جائیں گے۔ `

متعلقہ عنوان :