معیاری فلمیں بن رہی ہیں لیکن اچھی کہانی کی کمی ہے‘ زیبا بختیار

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 12:29

معیاری فلمیں بن رہی ہیں لیکن اچھی کہانی کی کمی ہے‘ زیبا بختیار

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء) معروف اداکارہ و پروڈیوسر زیبا بختار نے کہاہے کہ پاکستان میں فلمسازی کا عمل بلاشبہ بہت حوصلہ افزاء ہے ، لیکن اس میں ابھی بہتری کی گنجائش موجود ہے۔اچھی اور معیاری فلمیں ضرور بن رہی ہیں لیکن اچھی کہانی کی اب بھی کمی محسوس ہورہی ہے کیونکہ کسی بھی ڈرامے یا فلم کی کامیابی میں اچھی کہانی سب سے اہم ہوتی ہے پروڈکشن کی سطح پر بہتری آئی ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

زیبا بختیار کا کہناتھا کہ تفریحی فلمیں وقت کی ضرورت ہیں لیکن ان میں جب تک بامقصد بات نہیں ہوگی اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔دنیا بھر میں وقت کے ساتھ ہونے والی تبدیلی اور خاص طور جدید ٹیکنالوجی نے فلم انڈسٹری میں جدت پیدا کی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ان کی حوصلہ افزائی کے لیے پلیٹ فارم ضرور ہونا چاہیے، عوام کا سنیماگھروں کی طرف آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ اب پاکستانی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں۔