نو منتخب بی سی سی آئی صدر شیشانک منوہر نے گند صاف کر نے کا اعلان کر دیا

پیر 5 اکتوبر 2015 13:29

نو منتخب بی سی سی آئی صدر شیشانک منوہر نے گند صاف کر نے کا اعلان کر دیا

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 اکتوبر۔2015ء)بی سی سی آئی کے نو منتخب صدر شیشانک منوہر نے بھارتی کرکٹ بورڈ کا اقتدار سنبھالتے ہی برسوں کا گند صاف کرنے کا عندیا دیتے ہوئے آئین اور مالی معاملات کو آن لائن کرنے، کرپشن سے نمٹنے اور مفادات کے ٹکراوٴ کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق بھارتی کر کٹ بورڈ کے نومنتخب ہونے والے صدر شیشانک منوہر اس سے قبل 2008 سے 2010 تک یہ ذمہ داری نبھاچکے ہیں، اس وقت سیکریٹری این سری نواسن ہوا کرتے تھے جوکہ بعد میں نہ صرف بی سی سی آئی کے صدر بنے بلکہ آئی سی سی کے چیئرمین کے عہدے تک جا پہنچے مگر ان کے اقتدار کا سورج بڑے متنازع انداز میں غروب ہوا اور اب شیشانک منوہر کے انتخاب کے بعد بورڈ میں ان کی باقیات کا بھی مکمل طور پر خاتمہ ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

سری نواسن کے بطور آئی سی سی چیئرمین عہدے کی مدت آئندہ برس جون میں ختم ہوگی تاہم اب یہ عہدہ بھی خطرے میں پڑ گیا ہے، منوہر گذشتہ کچھ عرصے سے ان کے شدید مخالف اور بھارتی کرکٹ کی بدنامی کا باعث انھیں قرار دیتے ہیں اور اب وہ سری نواسن کے بورڈ سے کسی بھی قسم کے تعلق کے حق میں نہیں ہیں، اس لیے بھارتی بورڈ اگر ان کے چیئرمین بننے کی حمایت واپس لیتاہے تو پھر انھیں اس ذمہ داری سے الگ ہونا پڑے گا اور ان کی جگہ کسی اور کو بی سی سی آئی کی جانب سے نامزد کیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب منوہر نے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد اپنے 6 نکاتی ایجنڈے کا اعلان کردیا جس کے بعد مفادات کے ٹکراوٴ کا خاتمہ، کرپشن پر کنٹرول، اسٹیٹ ایسوسی ایشنز کے اکاوٴنٹس کا آزادانہ آڈٹ، بورڈ آئین اور مالی معاملات کو آن لائن کرنا، نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے احیا اور ویمنز کرکٹ کا فروغ شامل ہے۔