مقبوضہ کشمیر ،ضلع کپواڑہ میں مجاہدین کے ساتھ جھڑپ میں 4 بھارتی فوجی ہلاک،ایک مجاہد شہید

پیر 5 اکتوبر 2015 13:30

مقبوضہ کشمیر ،ضلع کپواڑہ میں مجاہدین کے ساتھ جھڑپ میں 4 بھارتی فوجی ..

سرینگر/نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 اکتوبر۔2015ء )مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں مجاہدین کے ساتھ جھڑپو ں میں 4 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ،جھڑپ کے دوران ایک مجاہد بھی شہید ہوگیا۔پیر کو بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے کپواڑہ ضلع کی سرحدی بستی ہفت راڈہ میں مجاہدین کے ساتھ جھڑپ میں 4 بھارتی فوجی مارے گئے ۔بھارتی فوج کے ترجمان کرنل این این جوشی کا کہنا ہے کہ جھڑپ کے دوران چارفوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں اور وسیع جنگلات کا محاصرہ کیا گیا ہے۔

فوجی ترجمان کے مطابق فوج کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ہفت راڈہ جنگلات میں مسلح عسکریت پسندوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ اس کے بعد فوج، پولیس اور نیم فوجی دستوں نے علاقے کا محاصرہ کیا جس کے جواب میں عسکریت پسندوں نے فائرنگ کی۔

(جاری ہے)

کپواڑہ کے ہی لولاب علاقے میں ایک اور تصادم کے دوران ایک مجاہد شہید ہوگیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فوج نے بھارتی فضائیہ کی خدمات حاصل کی ہیں اور آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔

اس سے قبل اتوار کی رات جنوبی کشمیر کے ترال قصبے میں ایک مختصر تصادم کے بعد فوج نے جیش محمد نامی عسکری گروپ سے وابستہ دو مجاہدین کو شہید کرنے کا دعویٰ کیاتھا۔مقبوضہ کشمیر میں مسلح تشدد میں ایک ایسے وقت اضافہ ہوا ہے جب بھارت اور پاکستان کے وزرائے اعظم نے نیویارک میں منعقدہ اقوام متحدہ کے حالیہ اجلاس میں کشمیر سے متعلق اپنے اپنے روایتی موقف کا اعادہ کیا ہے۔

دریں اثنا ہندو مہاراجوں کے دور میں بنائے جانے والے گائے کشی کے قانون کو لے کر کشمیرمیں کشیدگی جاری ہے۔اس قانون کے نفاذ سے متعلق عدالتی حکم کے بعد علیحدگی پسندوں نے اس قانون کی خلاف ورزی کرنے کے لیے عوامی مہم چلائی ہے جبکہ 87 رکنی قانون ساز اسمبلی میں بھی اپوزیشن نیشنل کانفرنس اور دوسرے آزاد اراکین اس قانون کے خاتمے کا مطالبہ کررہے ہیں۔