پاکستان میں سپورٹس اور دیگر پروگراموں میں جانے میں کوئی برائی نہیں، بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد

پیر 5 اکتوبر 2015 14:41

پاکستان میں سپورٹس اور دیگر پروگراموں میں جانے میں کوئی برائی نہیں، ..

ڈھاکا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 اکتوبر۔2015ء) بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے بنگالی ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہلڑکیاں پاکستان میں جا کر کرکٹ کھیلنا چاہتی تھیں اور انہیں ان کی بہادری پر شاباشی ملنی چاہئے، پاکستان میں اسپورٹس اور دیگر پروگراموں میں جانے میں کوئی برائی نہیں۔پریس کانفرنس میں جب ان سے بنگلہ دیشی ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کی صورتحال کا سامنا کر سکتے ہیں، لڑکیاں کرکٹ کھیلنا چاہتی تھیں اور انہیں ان کی بہادری پر شاباشی ملنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ملک میں جہاں قدامت پسندی ہے وہاں جا کر ان لڑکیوں نے ثابت کیا کہ وہ بہادر ہیں اور یہ پاکستانی خواتین کیلئے بھی خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

حسینہ واجد نے کہا کہ پاکستان میں اسپورٹس اور دیگر پروگراموں میں جانے میں کوئی برائی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں پر ہم فاتح قوم کی حیثیت سے جاتے ہیں اور ویمنز کرکٹ ٹیم کا یہ دورہ صرف کرکٹ کھیلنے کیلئے ہے۔

شیخ حسینہ واجد نے میڈیا کے نمائندے کو یہ بھی کہا کہ ایسے سوال بھی کرنا درست نہیں ہیں کہ ٹیم وہاں کیوں گئی جبکہ اتنے سیکیورٹی خدشات تھے۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیشی ویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورے پر ہے ، دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں شکست کا سامنا کر چکی ہے جبکہ اب تک کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں بھی نتیجہ مختلف نہیں تھا۔