پاکستانی باکسر محمد وسیم نے اپنا پہلا پروفیشنل باکسنگ ٹائٹل جیت لیا

منگل 6 اکتوبر 2015 13:37

پاکستانی باکسر محمد وسیم نے اپنا پہلا پروفیشنل باکسنگ ٹائٹل جیت لیا

سیول (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار6اکتوبر۔2015ء ) پاکستان کے باکسر محمد وسیم نے اپنا پہلا پروفیشنل کورین باکسنگ ٹائٹل جیت لیا ۔ کورین باکسرپرمکوں کی برسات کرتے ہوئے پاکستان کے محمد وسیم نے کے ڈی سی کورین باکسنگ چیمپیئن مقابلہ جیت لیا ۔ پہلی پروفیشنل فائٹ کیلئے محمد وسیم رنگ میں اترے تومقابلہ بارہ راؤنڈپر مشتمل تھا ، فائٹ پہلے راؤنڈ سے ہی دلچسپ رہی ، دونوں باکسرز نے ایک دوسرے پرمکوں کی برسات کردی ۔

(جاری ہے)

محمد وسیم کے تابڑتوڑ حملوں نے کورین باکسر کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبورکردیا، وسیم نے نویں راؤنڈ میں حریف باکسر کوناک آؤٹ کرکے اپنی پہلی ہی فائٹ جیت کر ملک کانام روشن کیا ۔ محمد وسیم نے میڈیا کو بتایا کہ جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں ہونے والے 53کے جی کیٹگری کے مقابلے میں کورین باکسر کو من ووک لی کو ناک آﺅٹ کرکے بیلٹ حاصل کرلیا ۔ اس کامیابی کے ساتھ محمد وسیم کوئی بھی پروفیشنل ٹائٹل جیتنے والے پاکستان کے پہلے باکسر بن گئے ہیں ، محمد وسیم کی فیملی کے مطابق قومی باکسر کا آئند ہ چند دنوں میں کوئٹہ آمد متوقع ہے جہاں ان کا بھر پور انداز میں استقبال کیا جائے گا ۔