Live Updates

کیمپس پل سے ملنے والی لاش کی شناخت ہو گئی ، مقتول یوسی 74سے پی ٹی آئی کے کونسلر کے امیدوار تھے

مقتول بھتیجے کو کچھ روز سے دھمکیاں مل رہی تھیں ،پولیس نے چچا کی مدعیت میں نا معلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا شکست کے خوف سے (ن) لیگ بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر تشدد کو ہوا دے رہی ہے ،ضمنی انتخاب سے قبل رینجرز کو تعینات کیا جائے ‘ پی ٹی آئی (ن) لیگ اور ان کے غنڈوں کو لوگوں کو قتل کرنے کا لائسنس مل چکا ہے ‘ چوہدری سرور کی میاں محمو د الرشید اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس

منگل 6 اکتوبر 2015 22:56

کیمپس پل سے ملنے والی لاش کی شناخت ہو گئی ، مقتول یوسی 74سے پی ٹی آئی ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 اکتوبر۔2015ء) صوبائی دارالحکومت کے علاقہ کیمپس پل سے ملنے والی لاش کی شناخت ہو گئی ، مقتول یونین کونسل 74سے پی ٹی آئی کے کونسلر کے امیدوار تھے ،پولیس نے چچا کی مدعیت میں نا معلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق پولیس کو کیمپس پل سے ملنے والی لاش کی گزشتہ روز شناخت کر لی گئی اور مقتول میاں محمد اکبر یونین کونسل 74سے پی ٹی آئی کے کونسلر کے امیدوار تھے ۔

مقتول کے چچا محمد علیم نے بتایا کہ ان کے بھتیجے کو کچھ روز سے نا معلوم افراد کی طرف سے دھمکیاں دی جارہی تھیں۔ پولیس نے چچا کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔اس حوالے سے تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمد سرور نے قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید ،ڈپٹی آرگنائزر عمر سرفرا ز چیمہ ، انیس ہاشمی ایڈووکیٹ اور عندلیب عباس کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کہا کہ (ن) لیگ اپنے غنڈوں کولگام دے ،اگر 11اکتوبر کا ضمنی انتخاب نہ ہوتا تو ہم ان کے بتا دیتے کہ غنڈی گردی کیسے کی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

ضمنی انتخاب میں اپنی شکست کی وجہ سے (ن) لیگ بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر تشدد کو ہوا دے رہی ہے اور غفار ڈوگر کے بعد میاں محمد اکبر کا قتل تحریک انصاف کے دو کارکنوں کا ہی نہیں بلکہ غریب عوام اور جمہوریت کا بھی قتل ہے کیونکہ جمہوریت میں ہر ایک کو اپنی بات کرنے کا حق ہوتا ہے لیکن (ن) لیگ لوگوں کی آواز وں کو دبا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سمن آباد کے ایس ایچ او نے پانچ افراد کی موجودگی میں بتایا کہ تحریک انصاف کی ریلی پر صلاح الدین پپی نامی شخص جو کہ بلدیاتی انتخابات میں (ن) لیگ کا وائس چیئرمین کا امیدوار بھی ہے نے حملہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ملک میں جنگل کا قانون ہے اگر سانحہ ماڈل ٹاؤن اور سانحہ ڈسکہ میں وکلاء کو قتل کرنے والوں کو سزائیں مل جاتیں تو آج یہ سانحہ رونما نہ ہوتا ۔ حکمران خود امن و امان تباہ کر رہے ہیں اور ان حالات میں ضروری ہو چکا ہے کہ لاہور میں امن و امان کے قیام کے لئے فوری طور پر رینجرز کو طلب کیا جائے جو کہ ضمنی انتخاب تک سکیورٹی کے انتظامات سنبھالے کیونکہ ہمیں پولیس اور حکومت پر اعتبار نہیں رہا ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں (ن) لیگ اور ان کے غنڈوں کو لائسنس مل چکا ہے او ر وہ جس کو چاہتے ہیں اپنی گولیوں اور تشدد کا نشانہ بنا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکمرانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور 11اکتوبر کو بلا کامیاب ہوگا اور یہی حکمرانوں سے ہمارا اور عوام کا انتقام ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری سرور نے کہا کہ میاں اکبر کے قتل کا مقدمہ کس کے خلاف درج ہونا ہے اس کا فیصلہ ان کے ورثاء ہی کریں گے ہم اصولی سیاست کرتے ہیں اورایسے معاملات پر سیاست نہیں چمکائیں گے۔ میاں محمو دالرشید نے کہا کہ ہم حکومت کو وارننگ دے رہے ہیں وہ حالات خراب نہ کرے ۔میرے حلقے میں لیگی رہنما نے ہتھوڑوں سے ہمارے کارکنوں پر تشدد کیا جو جناح ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات