نندی پور پاور پراجیکٹ پر سینیٹ میں خواجہ آصف اور اعتزاز احسن میں لفاظی جنگ

اخلاق باختہ لوگ پارسائی کا درس دیتے ہوئے اچھے نہیں لگتے ہمارے اوپر انگلی اٹھائی گئی تو پھر بات بہت دور تک جائے گی،خواجہ آصف نندی پور پاور پراجیکٹ ایل این جی، میٹرو اور سولر پاک میگا پراجیکٹ میں کرپشن پر فوجداری قانون کے تحت نیب سے تحقیقات کرائی جائیں ؛اعتزاز احسن

بدھ 7 اکتوبر 2015 18:15

نندی پور پاور پراجیکٹ پر سینیٹ میں خواجہ آصف اور اعتزاز احسن میں لفاظی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء) سینٹ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف اور سینٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کے درمیان الفاظ کی جنگ اور الزام تراشیوں کا سلسلہ جاری رہا ،اعتزاز احسن نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ ایل این جی، میٹرو اور سولر پاک میگا پراجیکٹ میں کرپشن پر فوجداری قانون کے تحت نیب سے تحقیقات کرائی جائیں خواجہ آصف نے اعتزاز احسن کے مطالبے کو منظور کرتے ہوئے کہا کہ نندی پور کی تحقیقات نیب سے کرانے کیلئے تیار ہیں لیکن نندی پور پاور پراجیکٹ میں فرنس آئل کا ٹریٹمنٹ پلانٹ غلط لگایا جس سے تبدیل کرنے کا کہا ہے اور اسے پیپرا رولز کے مطابق وقت دیا ہے۔

اخلاق باختہ لوگ پارسائی کا درس دیتے ہوئے اچھے نہیں لگتے اگر ہمارے اوپر انگلی اٹھائی گئی تو پھر بات بہت دور تک جائے گی ۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز سینٹ کے اجلاس میں سینیٹر الیاس احمد بلور کی تحریک التواء پر بحث کا آغاز ہوا جس میں سینیٹر عزیز نے کہا کہ نندی پور پراجیکٹ نااہلی کوتاہی اور عدم توجہ کا ثبوت ہے پراجیکٹ میں پیسے بنانے کیلئے اسے طول دیا گیا کیپٹن محمود جیسے لوگوں کو جنہوں نے پھولوں سے لاہور گل گلزار بنایا انہیں پروجیکٹ کا ڈائریکٹر بنا دیا ۔

نندی پور پراجیکٹ صرف پانچ دنوں کیلئے ڈیزل پر چلا اور 42روپے فی یونٹ چلایا گیا جس کے بعد پراجیکٹ کے افتتاح پر کیپٹن محمود کو تمغہ بھی دیا گیا آج نیپرا کے ٹیرف میں درخواست کی گئی ہے کہ اس کی لاگت 86ارب تک پہنچ چکی ہے لیکن تاحال الزامات کی بوچھاڑ جاری ہے اب کہا جارہا ہے کہ نندی پور پراجیکٹ گیس پر چلایا جائے گا میاں منشاء سے پراجیکٹ کو گیس پر چلانے کے حوالے سے رائے لی جائے کہ یہ منصوبہ گیس پر منتقل کرنے سے بہت مہنگا ہوجائے گا سینیٹر عزیز نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اب نندی پور پراجیکٹ پر سرمایہ کاری کو بند کیاجائے سینیٹر سستی پلیچو نے کہا کہ اپوزیشن کا کام ہوتا ہے کہ وہ حکومت کو آئینہ دکھائے لیکن گزشتہ روز تنقید برائے تنقید کرکے ایوان کا ماحول خراب کیا گیا اب اس مسئلے کو مزید تحقیقات کیلئے پانی و بجلی کی کمیٹی کو بھیجاجائے کیونکہ اس منصوبے کی آڑ میں جو گھپلے ہوئے اس میں پنجاب حکومت بھی شامل ہے ۔

سینیٹر دھامڑا نے بھی سسی پلیچو کے مطالبے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کے معاملے کو پانی و بجلی کی کمیٹی کے حوالے کیاجائے سینیٹر میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے ایک بار پھر سے مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میرا حق ہے کہ میں حکومت جہاں پر کرپشن کرے اس کو آئینہ دکھاؤں حکومت کو چاہیے کہ وہ تنقید کا جواب تنقید میں نہیں بلکہ مفصل اور جامع انداز میں جواب دے انہوں نے کہا کہ ایوان میں بار بار کہا جارہا ہے کہ فرگوسن سے تحقیقات کرائی گئی ہے لیکن ہم فرگوسن کی تحقیقات کو منظور نہیں کرتے نواز شریف کی حکومت جب بھی آتی ہے تو وہ ایسے چیزوں کو وائٹ واش کرانے میں میں ماہر سمجھی جاتی ہے وزیراعظم نے انکم ٹیکس 477روپے ادا کئے جبکہ ہم کروڑوں روپے میں ٹیکس ادا کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سولر پارک ایل این جی میٹرو بس ،اور ندی پور پر فوجداری قانون کے تحت نیب سے کارروائی کرائی جائے کیونکہ یہ میگا پراجیکٹ ہیں اور اس پر سوالات اٹھتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ میں نے اور میری بیوی بشریٰ اعتزاز نے ایل این جی کی مد میں پرائیویٹ کنٹریکٹ کئے ہیں اس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے بحث کو سمیٹتے ہوئے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کے بارے میں سینٹ جس فورم کو بھی تفتیش کیلئے تجویز کرے گی ہمیں منظور ہے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اس معاملے کی تحقیقات نیب سے کروانے کی ہدایت دی ہیں اور نیب تحقیقات کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نندی پور پراجیکٹ کے بارے میں غلط افواہیں پھیلائی جارہی ہیں انہوں نے کہا کہ نندی پور پراجیکٹ جنہوں نے شروع کیا تھا ان سے پوچھا جائے کہ انہوں نے یہ کیوں کیا اور کس چہیتے کو نوازنے کیلئے یہ منصوبہ ڈونگ فونگ کمپنی کو دیا گیا انہوں نے کہا کہ ہم نے سابقہ حکومت سے نندی پور پراجیکٹ کا ملبہ لیا تھا اور اس منصوبے کو ملک کے مفاد میں آگے بڑھایا انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں 65فیصد منصوبہ مکمل کیا جاچکا تھا اور ہم نے 35فیصد کام مکمل کیا انہوں نے کہا کہ یہ تحقیقات بھی ہونی چاہیے کہ اس منصوبے کی نیلامی کس طرح ہوئی تھی ہم نے منصوبے کو مکمل کرکے ڈیزل پر چلایا مگر بجلی بہت زیادہ مہنگی پڑھ رہی ہے اور ہم اس کی مکمل تفصیلات فراہم کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ پلانٹ فرنس آئل یا گیس پر چلنے والا تھا مگر فرنس آئل ٹریٹمنٹ پلانٹ متعلقہ ٹھیکیدار نے غلط لگایا جس کو ہم نے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ نندی پور منصوبہ سابق صدر مشرف کے دور میں شروع کیا گیا جس پر اس وقت بھی ا عتراضات آئے تھے اس کے بعد پیپلز پارٹی کے دور میں منصوبے کی تاخیر سے متعلق کمیشن کی رپورٹ موجود ہے انہوں نے کہا کہ اخلاق باختہ لوگ ہمیں پارسائی کا درس دیتے ہیں اگر یہ بات کرینگے تو بہت بہت دور تک جائے گی نندی پور ہر بات کرنے والوں کے متعلق ان کے اپنے لیڈروں کے جو خیالات ہیں اگر وہ سامنے لاؤں انہوں نے کہا کہ کمیشن رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے دور میں ریاستی گارنٹی فراہم نہ کرنے کی وجہ سے سالانہ ایک سو تیس ارب روپے کا نقصان کیا گیا انہوں نے کہا کہ منصوبے کے بارے میں تین سال تک قانونی رائے نہیں دی گئی انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے قیام کے بعد سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد منصوبے پر تیزی سے کام شروع کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے آپریشن اور دیکھ بھال کے بارے میں نندی پور بورڈ اور مینجمنٹ کے درمیان مسائل پیدا ہوگئے اور کئی ماہ تک بلکہ اب تک کوئی ٹھیکیدار مقرر نہیں کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ پیرا رولز کے مطابق موجودہ ٹھیکیدار کو تین ماہ کیلئے آپریشن اور دیکھ بھال کا ٹھیکہ دیا جارہا ہے اور یہ مسئلہ اگلے ایک ہفتے میں حل ہوجائیگا منصوبے کا دوسرا مسئلہ ٹیرف کا ہے نیپرا نے نندی پور منصوبے کیلئے ساڑھے گیارہ کلو واٹ کا ٹیرف دیا ہے جبکہ مینجمنٹ نے اٹھارہ روپے کلو واٹ کا ٹیرف مانگاہے جو کہ جلد ہی حل ہوجائیگا تیسرا مسئلہ فیول فلٹریشن پلانٹ کا ہے اور یہ مسئلہ متعلقہ ٹھیکیداروں کے ساتھ مل کر حل کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ نندی پور کے معاملے پر قائمہ کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کیلئے تیار ہیں