وزیراعظم سیاسی مخالفین اور ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کرنے والوں پر برس پڑے’ مخالفین کو بولنے سے پہلے سوچ لینا چاہیے کہ وہ کیا بات کررہے ہیں،مخالفین بتائیں طلباء پہلے کی طرح بسوں سے لٹک کر سکول جایا کریں؟تاریخی کسان پیکج کو کچھ شخصیات نے سیاست کی بھینٹ چڑھایا،کسان اپنے بچوں کے مستقبل کو تباہ کرنے والے ان سیاستدانوں سے حساب لیں

وزیراعظم میاں نواز شریف کی گورنر ہاؤ س میں میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 10 اکتوبر 2015 15:40

وزیراعظم سیاسی مخالفین اور ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کرنے والوں پر ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 اکتوبر۔2015ء) وزیراعظم میاں نواز شریف سیاسی مخالفین اور ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کرنے والوں پر برس پڑے اور کہا کہ مخالفین کو بولنے سے پہلے سوچ لینا چاہیے کہ وہ کیا بات کررہے ہیں،مخالفین کا کہ کہنا کہ شہباز شریف صرف میٹرو بسیں بنا رہے ہیں تعلیم پر توجہ نہیں دے رہے وہ بتائیں طلباء پہلے کی طرح بسوں سے لٹک کر سکول جایا کریں؟تاریخی کسان پیکج کو کچھ شخصیات نے سیاست کی بھینٹ چڑھایا،کسان اپنے بچوں کے مستقبل کو تباہ کرنے والے ان سیاستدانوں سے حساب لیں۔

وہ ہفتہ کویہاں پنجاب کے گورنر ہاؤ س میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ جولوگ یہ اعتراض کرتے ہیں کہ میٹرو بسیں بنائی جارہی ہیں سکولوں کی تعمیر پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی تو میں ان کو بتادینا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت تعلیم پر بھی یکساں فنڈز خرچ کررہی ہے، میٹرو اور سکولوں کی اپنی اپنی جگہ اہمیت ہے، جیسی توجہ میٹرو پر دے رہے ہیں اتنی ہی سکولوں پر بھی دے رہے ہیں، ملکی تاریخ میں پہلی بار طلبہ کو اتنے بڑے پیمانے پر وظائف اور لیپ ٹاپ دیے گئے ہیں،طلباء کو تعلیمی اداروں تک آسان رسائی دیں گے،ماضی میں بچے بسوں پر لٹک کر سکول جانے پر مجبور تھے، آج آرام سے میٹرو بس پر بیٹھ کر سکول پہنچتے ہیں، ہم نے کسانوں کی بھلائی کیلئے341 ارب روپے کے کسان پیکج کااعلان کیاجس کا کسانوں کو بے پناہ فائدہ ہوگا،تاہم کچھ سیاسی مخالفین نے اس پیکج کو سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا، کسان اپنے بچوں کا مستقبل تباہ کرنے والے اس سیاستدانوں سے حساب لیں۔