لاہور اور اوکاڑہ کے ضمنی انتخابات میں پولنگ کا عمل جاری

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 11 اکتوبر 2015 11:35

لاہور اور اوکاڑہ کے ضمنی انتخابات میں پولنگ کا عمل جاری

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11اکتوبر۔2015ء)لاہور اور اکاڑہ کے ضمنی انتخابات میں پولنگ کا عمل جاری ہے، پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام پانج بجے تک جاری رہے گی، قوم کی نظریں لاہور کے حلقے این اے 122پر لگی ہیں ، جہاں مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار ایاز صادق ، پاکستان تحریک انصاف کےامیدوار علیم خان اور پیپلز پارٹی کے عامرحسن میدان میں ہیں تاہم اصل مقابلہ سردار ایاز صادق اور علیم خان کے درمیان ہے۔

پولنگ کے موقع پر سیاسی کارکنوں میں انتہائی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے، بعض پولنگ بوتھ پر ووٹ ڈالنے کا عمل تھوڑی تاخیر سے شروع ہوا، سردار ایاز صادق نے اپنا ووٹ گڑھی شاہو میں قطار میں لگ کراپنا ووٹ ڈالا ، پی ٹی آئی کےچوہدری سرور نے کریسنٹ ماڈل اسکول میں ووٹ کاسٹ کیا۔

(جاری ہے)

پولنگ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئےہیں ، الیکشن کمیشن کی ہدایت پر پاک فوج کے دستے بھی پولنگ اسٹیشنز پرتعینات ہیں۔

این اے 144اوکاڑہ کی نشست پرن لیگ کے علی عارف چوہدری اورتحریک انصاف اشرف سوہنا کے درمیان مقابلہ ہے، اشرف سوہنا، پیپلز پارٹی چھوڑ کر چند ماہ قبل تحریک انصاف میں شامل ہوئے ہیں۔این اے144اوکاڑہ کی نشست الیکشن کمیشن کی طرف سے ن لیگ کے عارف چوہدری کو جعلی ڈگری پر نااہل قرار دیئے جانے کے بعد خالی ہوتی تھی۔ پی پی 147 میںن لیگ کےمحسن لطیف، پی ٹی آئی کےشعیب صدیقی اورپیپلزپارٹی کےافتخارشاہد مدمقابل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق این اے122میں ووٹرز کی کل تعداد3لاکھ 47ہزار762ہے جبکہ ووٹنگ کیلئے284پولنگ اسٹیشن قائم کیےگئےہیں،جن میں 134پولنگ اسٹیشن مردانہ اور 134ہی زنانہ ہیں جبکہ 16پولنگ اسٹیشن مشترکہ ہیں۔حلقہ میں 673پولنگ بوتھ قائم کئےگئےہیں۔حلقےمیں21ہزار نئےووٹرز رجسٹرڈ ہوئےہیں۔ سیکریٹری داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ این اے122لاہور،این اے144اوکاڑہ میں اسلحہ لیکرچلنےپرپابندی ہے،اسلحےکی نمائش کرنےوالوں کو گرفتارکرلیاجائے گا۔

الیکشن کمیشن نے این اے 122 لاہور اور این اے 144 اوکاڑہ کے ضمنی انتخابات کی نگرانی کے لیے اسلام آباد اور لاہور میں کنٹرول رومز قائم بھی کردئیے ہیں، اسلام آباد میں کنٹرول روم کی نگرانی چیف الیکشن کمشنر اور سیکریٹری جبکہ لاہور میں صوبائی الیکشن کمشنر نگرانی کریں گے ،پولنگ کےروزضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا فوری نوٹس لیا جائے گا۔ این اے 122 لاہور 5 کی موجودہ حد بندی 2002 میں کی گئی، 2002 کے الیکشن میں اس حلقے سے مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق نے 37 ہزار 531 ووٹ لےکر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 18 ہزار 638 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

پیپلزپارٹی کے چودھری غلام قادر 17 ہزار 561 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر آئے ۔ 2008 کے انتخابات میں بھی سردار ایاز صادق کامیاب ہوئے، انہیں 79 ہزار 506 ووٹ ملے تھے۔ پیپلز پارٹی کے عمر مصباح الرحمان 24 ہزار 963 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ تحریک انصاف نے 2008 کے انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا۔ 2013 کے الیکشن میں سردار ایاز صادق 93 ہزار 389 ووٹ لے کر جیتے ، ان کے مدمقابل عمران خان 84 ہزار 517 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ 2013 میں اس حلقے سے عمران خان 8 ہزار 872 ووٹوں کے فرق سے ہارے تھے۔ 22 اگست کو سردار ایاز صادق کے خلاف الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ آنے کے بعد یہ نشست خالی ہوگئی تھی، جس پر آج ضمنی انتخاب ہورہا ہے ۔