ہے کسی میں دم بریٹو چیلنج پورا کرنے کا۔ انعام میں ملے گا ریسٹورنٹ

Fahad Shabbir فہد شبیر بدھ 14 اکتوبر 2015 22:58

ہے کسی میں دم بریٹو چیلنج پورا کرنے کا۔ انعام میں ملے گا ریسٹورنٹ

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14اکتوبر۔2015ء)نیویارک کے ایک ریسٹورنٹ نے ایک نیا بریٹو(burrito) چیلنج متعارف کرایا ہے۔ جیتنے والے کو اس ریسٹورنٹ کی ملکیت میں 10 فیصدحصہ دیا جائے گا۔ مقابلے میں شرکت کرنے والے کو 30 پاؤنڈ وزنی بریٹو(لپٹی ہوئی شکم پور روٹی) کھانے کے بعد بھوت جولوکیا مرچوں کا شربت پینا ہوگا۔ ڈون چنگون ریسٹونٹ کا افتتاح اگست میں ہوا تھا۔

یہ بروک لین پارک سلوپ کے ساتھ واقع ہے۔ریسٹونٹ نے اپنی فیس بک پوسٹ میں کہا ہے کہ 30 پاؤنڈ وزنی بریٹو مختلف طرح کے گوشت کے قتلوں سے بھرا ہوگا۔اس میں چاول، لوبیا اور سالسا بھی ہوگا۔مقابلے میں حصہ لینے والوں کو بریٹو کھانے کے بعد ایک شربت بھی پینا ہوگا جو بھوت جولوکیا مرچوں بنا ہوگا۔ یہ مرچیں بھارت سے ساری دنیا میں برآمد ہوتی ہیں اور دنیا کی تیز ترین مرچیں سمجھی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

مقابلے میں حصہ لینے والوں کو 150 ڈالر فیس بھی جمع کرانی ہوگی۔مقابلے میں شامل افراد کو اپنا کھانا ایک گھنٹے میں ختم کرنا ہوگا، اس دوران اُن کے جسم سے کچھ بھی خارج نہیں ہونا چاہے۔اس کا مطلب ہے کہ ایک گھنٹے کے دوران مقابلے میں شرکت کرنے والے واش روم بھی نہیں جا سکیں گے اور ان کی آنکھوں سے پانی بھی نہیں نکلنا چاہے اور ناک بھی نہیں بہنی چاہیے۔ ریسٹورنٹ کا کہنا ہے کہ وہ مقابلے میں شرکت کرنے والے کسی بھی شخص کے مرنے یا زخمی ہونے کی صورت میں ذمہ دار نہ ہوگا۔جیتنے والے کو ریسٹونٹ کی ملکیت میں 10 فیصد کا شراکت دار بنایا جائے گا۔ تمام حصہ لینے والوں کو ، چاہے وہ جیتے یا ہاریں، ایک شرٹ تحفے میں دی جائے گی۔ اس مقابلے کا آغاز 19 اکتوبر سے ہوگا۔