میں نہیں چاہتی تھی مجھے ایک مشکل اور بگڑی ہوئی شخصیت سمجھا جائے‘جینیفر

جمعرات 15 اکتوبر 2015 13:07

میں نہیں چاہتی تھی مجھے ایک مشکل اور بگڑی ہوئی شخصیت سمجھا جائے‘جینیفر

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اکتوبر۔2015ء)ہالی وڈ اداکارہ جینیفر لورنس نے ساتھی مرد اداکاروں کے مقابلے میں کم معاوضے کی ادائیگی پر غصے کا اظہار کیا ہے۔ہالی وڈ کی معروف شخصیت لینا ڈنہم کی ویب سائٹ ’لینی‘ پر شائع ہونے والے ایک مضمون میں لورنس کہتی ہیں کہ میں یہ کوشش کر کے تھک گئی ہوں کہ میں اپنی رائے کا اظہار بھی کر سکوں اور پسندیدہ بھی رہوں۔

انھوں نے بتایا کہ گذشتہ سال جب سونی پکچرز کی ای میلز ہیک ہوئیں تب انھیں پتہ چلا کہ انھیں معاوضے کی ادائیگی کتنی کم کی جا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ مجھے سونی پکچرز پر غصہ نہیں آیا تھا۔ مجھے اپنے آپ پر غصے آیا تھا۔ مذاکرات کرنے والی شخصیت کی حیثیت سے یہ میری ناکامی تھی کیونکہ میں نے جلد ہی ہار مان لی تھی۔

(جاری ہے)

گذشتہ سال نومبر میں سونی پکچرز کا کمپیوٹر سسٹم ہیک ہو گیا تھا۔

اس واقعے کے فوری بعد ہی میڈیا میں سونی پکچرز کی ہیک ہونے والی ای میلز کی تشہیر شروع ہو گئی تھی۔میڈیا میں مشتہر ہونے والی ای میلز میں ایک اہم ای میل سونی پکچرز کی چیئر پرسن ایمی پاسکل کی بھی تھی۔ اس ای میل سے یہ اہم انکشاف سامنے آیا کہ ہالی وڈ کی فلم’ ’امیریکن ہسل“ میں جینیفر لورنس اور ان کی ساتھی اداکارہ ایمی ایڈمز کو ان کے ساتھی مرد اداکاروں کی نسبت خاصا کم معاوضہ ادا کیا گیا تھا۔

فلم ”ہنگر گیمز“ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ جینیفر لورنس نے اپنے مضمون میں زیادہ معاوضے کی ادائیگی پر زور نہ ڈالنے کی وجوہات تفصیل سے بیان کی ہیں۔ سارا وقت میں مردوں کو اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے سنتی ہوں۔ لیکن اگر میں بھی اس ہی سیاق و سباق میں اپنی رائے کا اظہار کروں گی تو سمجھا جائے گا کہ میں نے کوئی تکلیف دہ بات کردی ہے۔وہ کہتی ہیں کہ یہ کہنا جھوٹ نہیں ہو گا کہ میں نہیں چاہتی تھی کہ میرے لیے پسندیدگی میں تبدیلی آئے۔ یہ بات میرے فیصلوں پر اثرانداز ہوئی اور میں نے معاہدے پر زیادہ مذاکرات نہیں کیے۔ میں نہیں چاہتی تھی کہ مجھے ایک مشکل اوربگڑی ہوئی شخصیت سمجھا جائے۔