اگر پارٹی معاملات پر نظرثانی نہ کی گئی تو میرا بیٹا عابد شیر علی وزیر مملکت کے عہدے سے مستعفی ہو جائے گا؛چوہدری شیر علی کی ن لیگی قیادت کو تنبیہ

جمعرات 15 اکتوبر 2015 16:33

اگر پارٹی معاملات پر نظرثانی نہ کی گئی تو میرا بیٹا عابد شیر علی وزیر ..

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اکتوبر۔2015ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنماچوہدری شیر علی نے پارٹی قیادت کو متنبہ کیا ہے کہ اگر پارٹی معاملات پر نظرثانی نہ کی گئی تو ان کا بیٹا عابد شیر علی وزیر مملکت کے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے،رانا ثناء اللہ سب سے زیادہ قانون شکن ہیں اور20 افراد کے قاتل ہیں، وزیراعلیٰ شہبازشریف صوبائی وزیر کے ذریعے ہماری تذلیل کرنا چھوڑدیں ،این اے122 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی انتہائی کم مارجن میں فتح شرمناک ہے،جمعرات کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری شیرعلی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے غلط لوگوں کو اختیارات دے کر وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے پارٹی کا بیڑہ غرق کردیاہے، وہ زمانہ گیا جب کھمبوں کو ٹکٹ ملتے تھے تو وہ جیت جاتے تھے، اربوں کھربوں روپے کے لاہور میں کام کرائے گئے لیکن وہاں وزیراعظم نواز شریف کے سالے کا بیٹا الیکشن ہار گیا ہے اور این اے 122 میں اسپیکر ایاز صادق کا 2200 ووٹوں سے جیتنا وزیراعلی کے لئے شرمناک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی شہباز شریف مسلم لیگ کو آگے لے جا رہے ہیں یا پیچھے، یہ نہ سمجھیں کہ یہ لاہور میں ہوا ہے یہی صورتحال ملک بھر میں ہے اور خاص طور پر فیصل آباد میں بھی یہی صورتحال ہے،اگر صورتحال پر نظرثانی نہ کی گئی تو فیصل آباد میں صرف قانون شکن وزیرقانون ہی صرف مسلم لیگ (ن) کے ساتھ رہ جائے گا،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے لاہور نہیں سنبھالا جارہا اور رانا ثناء اللہ اپنے آپ کو فیصل آباد کا چیف منسٹر سمجھتا ہے ،اگر ہم نے جھنڈی لہرا دی تو وزیر قانون پنجاب فیصل آباد میں نہیں لاہور میں ہی رہ جائیں گے،قانون شکن شخص کو وزیرقانون بنادیا گیا جس نے فیصل آباد کے 20 کو قتل کر کے گھروں کو اجاڑ دیا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف صوبائی وزیر رانا ثنااللہ سے ہمیں ذلیل نہ کرائیں اگر استعفیٰ چاہیئے تو عابد شیر علی استعفیٰ دینے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نے اگر شیخ اعجاز اور الیاس انصاری جیسے ایم پی ایز سے پارٹی چلانی ہے تو ہم استعفیٰ دینے کو تیار ہیں، کیا وزیراعلی کو 30 سال پیپلزپارٹی اور 10 سال مسلم لیگ (ق) میں رہنے والے الیاس انصاری کے علاوہ اور کوئی لیگی کارکن نہیں ملا جسے ٹکٹ دیا جاتا اور آج انہیں طاقت دے دی گئی ہے کہ وہ جسے چاہے بلدیاتی الیکشن کے ٹکٹ دیں اور شہباز شریف نے بلدیاتی ٹکٹیں دینے کا اختیار نااہل لوگوں کو دے کر زیادتی کی
ہے،انہوں نے کہا کہ پرانے مسلم لیگیوں کی جنگ لڑ رہا ہوں ہمارے 75 افراد کو ٹکٹ نہیں ملا ہے ،انہوں نے کہا کہ پرانے لیگیوں کو ٹکٹ دینے کا معاملہ حل نہ کیا گیا تو ٹوکری کے نیچے سے چوزے نکل جائیں گے اور مسلم لیگ (ن) کا برا حال ہوگااور (ن) لیگ فیصل آباد سے فارغ ہو جائے گی۔

#

متعلقہ عنوان :