جاوید میانداد ، یونس خان عظیم بیٹسمین ، بڑے کرکٹرز کا کبھی موازنہ نہیں کیا جاتا، ظہیر عباس

جمعرات 15 اکتوبر 2015 19:00

جاوید میانداد ، یونس خان عظیم بیٹسمین ، بڑے کرکٹرز کا کبھی موازنہ نہیں ..

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اکتوبر۔2015ء) پاکستان کے سابق مایہ ناز بلے باز اور آئی سی سی کے صدر ظہیر عباس نے کہاہے کہ جاوید میانداد اور یونس خان دونوں عظیم بیٹسمین ہیں، بڑے کرکٹروں کا کبھی بھی موازنہ نہیں کیا جاتا۔ یونس خان کا پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ ایک بڑا کارنامہ ہے جس پر ہمیں فخر کرنا چاہیے۔ ابو ظہبی میں میڈیا سے گفتگو میں ظہیر عباس نے کہا کہ رنز بتا دیتے ہیں کہ بیٹسمین کتنا بڑا ہے۔

کتابوں میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ کس بیٹسمین نے کتنے رنز کیے کوئی یہ نہیں دیکھے گا کہ یہ رنز کس وکٹ پر اور کس طرح کیے۔ظہیرعباس نے کہا کہ یونس خان کا پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ ایک بڑا کارنامہ ہے جس پر ہمیں فخر کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ظہیرعباس نے کہا کہ یونس خان اس وقت اپنے کرئیر کے اہم موڑ پر ہیں اور ان کی موجودہ فارم بتا رہی ہے کہ وہ بڑی آسانی سے دس ہزار سے زائد رنز بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

ظہیر عباس نے کہا کہ ہر پاکستانی کی خواہش ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ دوبارہ مکمل طریقے سے بحال ہو اور بڑی ٹیمیں بھی وہاں جا کر کھیلیں کیونکہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی پاکستان کو بھاری قیمت چکانی پڑی ہے۔نوجوان کرکٹر اپنے ہیروز کو اپنے سامنے کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔انھوں نے یہ سنگِ میل منگل کو انگلینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن معین علی کو چھکا لگا کر عبور کیا۔

متعلقہ عنوان :