ریحام خان بھارتی فلم میکرراکیش اوپدھیاکے ساتھ مل کر فلم بنائیں گی

بھارتی پروڈیوسر اوپدھیا کے ساتھ ہونے والی ملا قات میں مشترکہ فلم بنانے کا فیصلہ

جمعہ 16 اکتوبر 2015 17:20

ریحام خان بھارتی فلم میکرراکیش اوپدھیاکے ساتھ مل کر فلم بنائیں گی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اکتوبر۔2015ء ) تحریک انصاف کے سربراہ عمران کی اہلیہ ریحام خان بھارتی فلم میکرراکیش اوپدھیاکے ساتھ مل کر فلم بنائیں گی۔کھلاڑی 786، دی شوقینز اورسردارجی جیسی کئی مقبول فلموں کے پروڈیوسر راکیش اوپدھیااس سلسلے میں مختصر دورے پر پاکستان موجود ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انھوں نے گزشتہ دنوں بنی گالامیں ریحام خان اور عمران خان سے ملاقات کی تھی۔

اس موقع پر جہاں راکیش اوپدھیا نے ریحام خان کے ساتھ اپنی مشترکہ فلم کی کہانی، لوکیشن اورکاسٹ کے حوالے سے گفتگوکی، وہیں پاکستان میں بھارتی فلموں اورانٹرنیشنل مارکیٹ تک پاکستان کی معیاری فلموں کی رسائی میں اپنی خدمات پیش کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔راکیش اوپدھیا اپنے ایک انٹر ویو میں بتایاہے کہ وہ بالی ووڈ میں اپنے پارٹنرمعروف موسیقار و گلوکار ہمیش رشمیا کے ساتھ مل کرفلمیں پروڈیوس کرتے ہیں لیکن پاکستان میں فلمسازی کے حوالے سے شروع ہونے والے اس پروجیکٹ کو وہ خود اور پاکستان میں اپنے ایک دوست بابرشیخ کی مدد سے پروڈیوس کرینگے۔

(جاری ہے)

انھوں نے ریحام خان سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے بتایاکہ بہت ہی تسلی بخش ملاقات رہی ہے اوراس لیے ہم بہت جلداپنے پروجیکٹ پرکام شروع کرینگے،فی الحال اس کی تفصیلات نہیں بتائی جاسکتیں مگراتناضرور کہہ سکتاہوں کہ یہ بین الاقوامی معیار کاایک منفردپروجیکٹ ہوگاجو سب کیلیے سرپرائزثابت ہوگا۔