ایلسٹر کک کے ہاتھوں کئی ریکارڈ پاش پاش ہو گئے

ہفتہ 17 اکتوبر 2015 13:15

ایلسٹر کک کے ہاتھوں کئی ریکارڈ پاش پاش ہو گئے

ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اکتوبر۔2015ء) پاکستان کے خلاف پہے ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے انگلش کپتان ایلسٹر کک نے ایک ہی اننگ میں کئی ریکارڈ اپنے نام کر دیے۔انگلش کپتان نے 836 منٹ وکٹ پر قیام کے دوران 528 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 18 چوکوں کی مدد 263 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر ٹیسٹ میں اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن پر لا کھڑا کیا۔

کْک کی یہ اننگ وقت کے اعتبار سے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی تیسری بڑی اننگ جبکہ کسی بھی انگلش بلے باز کی جانب سے اب تک کھیلی گئی سب سے بڑی اننگ ہے۔ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے لمبی اننگ کھیلنے کا اعزاز پاکستان کے حنیف محمد کو حاصل ہے جنہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 1958 میں 970 منٹ تک بلے بازی کرتے ہوئے 337 رنز بنائے تھے جبکہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود جنوبی افریقی گیری کرسٹن نے 1999 میں انگلینڈ ہی کے خلاف 878 منٹ تک حریف باوٴلرز کا امتحان لیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم وہ اس فہرست میں سب سے کامیاب بلے باز بن کر لین ہٹن پر بازی لے گئے ہیں جنہوں نے 1938 میں آسٹریلیا کے خلاف 364 رنز کی اننگ کے دوران 797 منٹ تک بیٹنگ کی تھی۔وہ ویسٹ انڈیز کے برائن لارا کے بعد کرکٹ کی تاریخ میں محض دوسرے ایسے بلے باز ہیں جنہیں 12 سے زائد بیٹنگ کرنے کا اعزاز دو بار حاصل ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے اس شاندار اننگ کے دوران ایک عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ایشیائی وکٹوں پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کامیاب ترین غیرایشیائی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

ایلسٹر کک اب تک ایشیا میں 19 ٹیسٹ میچوں میں 2065 رنز بنا چکے ہیں جبکہ جیک کیلس نے 25 ٹیسٹ میچوں میں 2058 رنز بنا رکھے تھے۔اس کے علاوہ وہ ایک سال کے دوران ہزار یا اس سے زائد رنز چار مرتبہ بنانے والے انگلینڈ کے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔اس سے قبل کیون پیٹرسن واحد انگلش کھلاڑی تھے جنہوں نے ایک سال کے دوران ہزار یا اس سے زائد چار مرتبہ بنائے تھے