ابوظہبی ٹیسٹ ، خراب روشنی نے قومی ٹیم کی عزت بچا لی ، میچ ہار جیت کے بغیر ختم

ہفتہ 17 اکتوبر 2015 21:22

ابوظہبی ٹیسٹ ، خراب روشنی نے قومی ٹیم کی عزت بچا لی ، میچ ہار جیت کے ..

ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اکتوبر۔2015ء) خراب روشنی نے قومی ٹیم کی عزت بچا دی ، ابو ظہبی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے بغیر ختم ، باؤلرز کے بعد دوسری اننگز میں بیٹسمینوں کی بھی مایوس کن پرفارمنس ، پوری ٹیم 173رنزبنا کر پویلین لوٹ گئی ،مصباح الحق 51، یونس خان 45، محمد حفیظ 34 اور سرفراز احمد 27 رنز بناسکے، عادل رشید کی 5 وکٹیں ،99کے تعاقب میں انگلش ٹیم نے 4کھلاڑیوں کے نقصان پر 74رنز بنائے تھے کہ خراب روشنی کے باعث میچ ختم کردیا گیا ، مصباح الحق نے سکھ کا سانس لیا ، انگلش ٹیم نے 598 رنز پر اپنی اننگز ڈکلیئر کردی تھی ، السٹر کک 263، جوائے روٹ 85 اور این بیل 63 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، شعیب ملک اور عمران خان نے 2،2 جب کہ ذوالفقار بابر اور راحت علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، الیسٹر کک میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔

(جاری ہے)

کھیل کے پانچویں روز انگلش ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 598 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلئیر کی تو اسے پاکستان پر 75 رنز کی برتری حاصل تھی جس کے بعد دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کو ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار ہونا پڑا، شان مسعود ایک اور شعیب ملک بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

جس کے بعد محمد حفیظ اور یونس خان نے محتاط انداز اپناتے ہوئے اسکورکو آگے بڑھایا اور ٹیم کا مجموعی اسکور 47 تک پہنچا تو محمد حفیظ 34 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔ چوتھی وکٹ کی شراکت میں کپتان مصباح الحق اور یونس خان نے 66 رنز کی شراکت قائم کی لیکن یونس 45 رنز بنا کر کر 113 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔انگلش ٹیم کی تباہ کن بولنگ کی بدولت پاکستان کی پوری ٹیم 173 رنز پر آوٹ ہوگئی، مصباح الحق 51، یونس خان 45، محمد حفیظ 34 اور سرفراز احمد 27 رنز بناسکے۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 5، معین علی اور جیمز اینڈریسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل انگلینڈ نے کھیل کے آخری روز اپنی نامکمل اننگز 569 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو عادل راشد 6 اور اسٹارٹ براڈ صفر رنز پر کریز پر موجود تھے۔ دونوں بلے بازوں نے محتاظ کھیلتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا لیکن ٹیم کا مجموعہ 590 رنز تک پہنچا تو عادل راشد 12 رنز بنا کر عمران خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد انگلش ٹیم نے 598 رنز پر اپنی پہلی اننگز ڈکلئیر کردی جس کے بعد اسے پاکستان پر 75 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

اسٹارٹ براڈ 17 اور جیمز انڈریسن 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ السٹر کک 263، جوائے روٹ 85 اور این بیل 63 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، شعیب ملک اور عمران خان نے 2،2 جب کہ ذوالفقار بابر اور راحت علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قومی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں173 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد مہمان ٹیم کو جیت کے لئے 99 رنز درکار ہیں۔

ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم نے جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش کی لیکن اس کے 3 کھلاڑی 35 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، معین علی 11، جوز بٹلر 4 اور بین اسٹوک 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے انگلینڈ کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بریسٹو تھے جنہوں نے 15رنز بنائے انہیں ذوالفقار بابر نے آؤٹ کیا ۔ پاکستان کی جانب سے ذوالفقار بابر اور شعیب ملک نے 2,2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا