بھارت جہنم میں جاؤ ، ہم بھی تمہارے ساتھ کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتے ،اعجاز بٹ

پیر 19 اکتوبر 2015 15:14

بھارت جہنم میں جاؤ ، ہم بھی تمہارے ساتھ کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتے ،اعجاز ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اکتوبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیرمین اعجاز بٹ کا کہنا ہے کہ اگر بھارت پاکستان سے کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتا تو چیرمین پی سی بی شہریارخان بھارت کو واضح طور پر کہہ دیں کہ جاوٴ جہنم میں ہم بھی تمھارے ساتھ کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتے۔ہندو انتہا پسند تنظیم شیوسینا کے بلوائیوں کی جانب سے شہریار خان کی موجودگی میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے دفتر پر حملے کے بعد اپنا موقف دیتے ہوئے اعجاز بٹ کا کہنا تھا کہ شہریار خان کو چاہیئے کہ بھارت سے صاف صاف کہہ دیں کہ ہم برابری کی بنیاد پر بھارت کے ساتھ کرکٹ کھیلیں گے لیکن اگر ان کی جانب سے مثبت جواب نہیں آ رہا تو چیرمین پی سی بی کو چاہیئے کہ ان سے کہیں کہ جاوٴ جہنم میں ہم نے تم سے کرکٹ نہیں کھیلنی، شہریار خان کو فورا واپس وطن آجانا چاہیئے۔

(جاری ہے)

اعجاز بٹ کا کہنا تھا کہ حالات بتا رہے ہیں کہ پاک بھارت سیریز نہیں ہو سکے گی کیونکہ آئی سی سی کو بھی بھارت چلا رہا ہے اور جو کچھ ہوا یہ سب کچھ ریکارڈ پر ہے، ہمیں بھارت کو بتانا چاہیئے کہ یہ کیا ہورہا ہے، یہ کرکٹ کھیلنے کا معاملہ تو نہیں ہے بلکہ کھلی بدمعاشی ہو رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس معاملے کو بہت زیادہ سنجیدگی سے لینا چاہیئے اور بھارتی حکومت، بورڈ اور آئی سی سی سے اس حوالے سے دو ٹوک بات کرنی چاہیئے۔واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی درخواست پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان اور ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نجم سیٹھی پاک بھارت کرکٹ کی بحالی کے لئے ممبئی پہنچے تو ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے بلوائیوں نے بی سی سی آئی کے دفتر پر حملہ کردیا۔

متعلقہ عنوان :