پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کا میدان کل سجے گا

بدھ 21 اکتوبر 2015 11:49

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کا میدان کل سجے گا

دبئی ۔ 21 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر۔2015ء) پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ (آج) جمعرات سے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن گیارہ بجے شروع ہوگا۔

پاکستانی ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ انگلش ٹیم کی کپتانی کے فرائض ایلیسٹر کک انجام دیں گے۔ دونوں ٹیموں کے مابین 1954ء سے اب تک کھیلے گئے 75 ٹیسٹ میچز میں سے انگلینڈ نے 22 اور پاکستان نے 16 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 37 ٹیسٹ بے نتیجہ رہے۔ پاکستانی ٹیم نے 2012ء میں انگلش ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کیا تھا اور دونوں ٹیمیں تین برس بعد دوبارہ متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر آمنے سامنے ہوں گی اس لئے مصباح الیون کو سیریز کیلئے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے تاہم دوسری جانب انگلش ٹیم 2012ء کی شکست کا بدلہ چکانے کی خواہاں ہے اس لئے دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے شروع ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 22 سے 26 اکتوبر تک دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ یکم سے 5 نومبر تک شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلی گئی باہمی ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کا پلڑا بھاری ہے، انگلش ٹیم9 اور گرین شرٹس 7 میں کامیاب رہی جبکہ 6 سیریز بے نتیجہ رہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 1954ء سے 2015ء تک مجموعی طور پر 22 ٹیسٹ سیریز کھیلی گئیں، انگلینڈ نے 9 سیریز اپنے نام کیں جبکہ گرین پاکستانی ٹیم7 میں کامیاب رہی اور 6 سیریز بے نتیجہ رہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان23 ویں ٹیسٹ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 22 سے 26 اکتوبر تک دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :