فیفا نے گولڈن بال 2016ء کے نامزد کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی

بدھ 21 اکتوبر 2015 13:14

فیفا نے گولڈن بال 2016ء کے نامزد کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی

زیورخ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر۔2015ء) فیفا نے گولڈن بال 2016ء کے نامزد کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی۔ میسی، رونالڈو، نیمار اور سواریز ایک بار پھر شارٹ لسٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں شامل۔ تفصیلات کے مطابق تئیسویں گولڈن بال کے فاتح کا اعلان گیارہ جنوری دو ہزار سولہ کو زیورخ میں ہو گا۔رواں سال یہ اعزاز جیتنے والے کرسٹیانو رونالڈو کے علاوہ ریال میڈرڈ سے ان کے چار ساتھی کریم بینزیما، گیرتھ بیل، ٹونی کروز اور جیمز روڈرگوئز بھی فہرست میں شامل ہیں۔

تین بار گولڈن بال کے فاتح میسی، سواریز اور نیمار پر مشتمل بارسلونا کی مثلث بھی اس فہرست کا حصہ ہے۔تین مزید کھلاڑیوں اینڈرس انیسٹا، ایوان ریکیٹچ اور جیویئر مشیرانو کے ساتھ بارسلونا مجموعی طور پر چھے کھلاڑیوں کی بدولت سب سے کامیاب ٹیم کے طور پر فہرست کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

تئیس کھلاڑیوں کی فہرست کے سب سے بڑا حصے پر تو گیارہ کھلاڑیوں کے ساتھ سپین کے دو کلبوں کا قبضہ ہے جبکہ باقی بارہ میں سے پانچ فٹ بالرز رابرٹ لیوانڈوسکی، تھامس ملر، مینوئل نوئیر، ارجن رابن اور آرٹورو وڈال کا تعلق جرمن کلب بائرن میونخ سے ہے۔

دنیا کی سب سے مہنگی انگلش پریمیئر لیگ سے صرف پانچ کھلاڑی فہرست میں جگہ بنا سکے ہیں جن میں تین سرجیو اگیورو، یایا طوری اور کیون ڈی بروئنی مانچسٹر سٹی سے ہیں جبکہ ایلیکس سانچز، آرسنل اور ایڈن ہیزارڈ چیلسی سے تعلق رکھتے ہیں۔ اٹالین لیگ سے جووینٹس کے فرانسیسی فارورڈ پال پوگبا اور فرنچ لیگ سے پیرس سینٹ جرمین کے سویڈش کھلاڑی زلاٹین ابراہیمووچ بھی فہرست میں شامل ہیں۔ تین حتمی امیدواروں کا انتخاب تیس نومبر کو ہو گا جن میں سے ایک فاتح قرار پائے گا۔