خشک سالی کے باعث پانی سے 400 سال پرانا چرچ برآمد

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی بدھ 21 اکتوبر 2015 14:03

خشک سالی کے باعث پانی سے 400 سال پرانا چرچ برآمد

میکسیکو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اکتوبر2015ء)جنوبی میکسیکو کی ریاست چیاپاس کے آبی ذخیرے میں پانی کی سطح کم ہونے سے 400 سال پرانا زیرآب چرچ منظرعام پر آگیا ہے۔خشک سالی کے باعث اس ڈیم میں پانی کی سطح 25 میٹر کم ہوگئی ہے۔مقامی ماہی گیر لوگوں کو کشتیوں میں بٹھا کر اس چرچ کی سیر کرانے لے جا رہے ہیں۔ 400 سال پرانا چرچ 1966 میں بننے والے ڈیم کے باعث زیر آب آ گیا تھا۔

16 میٹر اونچے چرچ کو ٹیمپل آف سانتیاگو (یا کوئیچولا ) کے نام سے جانا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ چرچ سولہویں صدی میں بنایا گیا تھا تاہم 1773 سے 1776 کے دوران علاقے میں پھیلنے والی موذی بیماریوں کے باعث یہ چرچ متروک ہوگیا۔ میکسیکن ماہر تعمیرات کارلوس ناواریٹ نے بتایا کہ یہ چرچ انتہائی اہم مقام پر واقع تھا۔ اس چرچ کے پاس سے اہم ہائی وے گذرتی تھی، جہاں سے ہسپانوی فاتحین گذرتے تھے۔اُن فاتحین کا خیال تھا کہ مستقبل میں اس علاقے میں کافی آباد ہو جائے گی، جس کے باعث یہاں چرچ بنایا گیا۔اس چرچ میں کبھی کوئی مستقل پادری تعینات نہیں کیا گیا۔اس چرچ کے ارد گرد ایک زیرآب شہر کوئیچولا بھی ہے۔