تجربہ کار بلے باز یونس خان ایک اور اعزاز حاصل کرنے کے قریب

جمعرات 22 اکتوبر 2015 11:32

تجربہ کار بلے باز یونس خان ایک اور اعزاز حاصل کرنے کے قریب

دبئی (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار22اکتوبر۔2015ء ) قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز یونس خان ایک اور اعزاز حاصل کرنے کے قریب ہیں ، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں امکان ہے کہ سینئر اور تجربہ کار بلے باز یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں دنیا کے 14 ویں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن جائیں گے ، انہیں اس اعزاز کے حصول کیلئے مزید 4 رنز درکار ہیں ۔

ٹیسٹ تاریخ میں زیادہ رنز بنانے کا عالمی اعزاز سچن ٹنڈولکر کو حاصل ہے، انہوں نے 15921 رنز بنا رکھے ہیں ۔ یونس نے 2000ءمیں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اس وقت ان کا شمار دنیائے کرکٹ کے منجھے ہوئے بلے بازوں میں ہوتا ہے ، انہوں نے اب تک 102 میچز کھیل کر 8897 رنز بنا رکھے ہیں اور انہیں گراہم گوچ کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑنے کیلئے مزید 4 رنز کی ضرورت ہے جس کے ساتھ ہی وہ زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں چودہویں نمبر پر آ جائیں گے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سٹار انگلش فاسٹ باﺅلر جیمز اینڈرسن کو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ہربھجن سنگھ کے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ توڑنے کیلئے ایک وکٹ کی ضرورت ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ پانچ روزہ کرکٹ میں زیادہ وکٹیں لینے والے دنیا کے 9ویں باﺅلر بن جائیں گے ۔ ٹیسٹ تاریخ میں زیادہ وکٹیں لینے کا عالمی اعزاز متھایا مرلی دھرن کے پاس ہے، انہوں نے 800 وکٹیں لے رکھی ہیں۔ اینڈرسن نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ہربھجن کی 417 وکٹوں کا ریکارڈ برابر کیا تھا اور انہیں ان سے آگے نکلنے کیلئے ایک وکٹ کی ضرورت ہے اور اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ وہ پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں یہ اعزاز حاصل کر لیں گے ۔