ہند و انتہا پسند قوتیں کشمیرمیں فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکا کر تحریک آزادی کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ سید علی گیلانی

جمعرات 22 اکتوبر 2015 12:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اکتوبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ آر ایس ایس اور دیگر ہندو انتہا پسند تنظیمیں ایک منصوبہ بند سازش کے تحت جموں وکشمیر میں فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکا کر کشمیریوں کی مبنی برحق جدوجہدِ آزادی کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ ایک ایسے وقت میں جب ہندو فسطائی قوتین تحریک آزادی کیخلاف گھناؤنی سازشوں میں مصروف ہیں، کشمیریوں کو اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مضبوط بناتے ہوئے ان طاقتوں کی سازشوں کو خاک میں ملانا ہوگا۔

سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان کہا کہ اس وقت عالمی برادری کو یہ بات باور کرانے کی اشد ضرورت ہے کہ بھارت کی فرقہ پرست قوتیں اقلیتوں خاص کر مسلمانوں کے خلاف صف آرا ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں قائم پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی اتحادی حکومت آر ایس ایس کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں جب سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت برسرِ اقتدار آئی ہے، اس وقت سے یہاں عدم برداشت کا رحجان بڑی تیزی سے بڑھ رہا ہے جس وجہ سے مسلمان اور دوسری اقلیتیں خود کو غیر محفوظ محسوس کررہی ہیں۔

سید علی گیلانی نے کہاکہ پوری دنیا اور بھارت کے اندر بھی آر ایس ایس کے مکروہ منصوبوں کے خلاف آواز اٹھ رہی ہے، مگر المیہ یہ ہے کہ مقبوضہ علاقے کے میرجعفر اور میر صادق اپنی کرسیوں کی خاطر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا ایک طرف سے بے گناہ کشمیریوں کا خون بہایا جاتا ہے جبکہ دوسری طرف لوگوں کو جبرو استبداد کے خلاف احتجاج اورغم زدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی بھی اجازت نہیں دی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ پر امن کشمیری مظاہرین کی خلاف مہلک ہتھیار استعمال کر کے انہیں جسمانی طور پر معذور کیا جاتا ہے ۔ سید علی گیلانی نے بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں کی طرف سے بیج بہاڑہ میں پر امن مظاہرین پر تشد او شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان، محمد الطاف شاہ، ایاز اکبر، راجہ معراج الدین، محمد یاسین، قاضی یاسر، غلام نبی لون اور بشارت احمد اور دیگر حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی نظر بندی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کیا کہ بیش بہا قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیر بھارتی کے جبری قبضے سے آزاد ہو گا ۔