پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر محمد رضوان کودبئی بھیجنے کا فیصلہ کرلیا

جمعرات 22 اکتوبر 2015 16:53

پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر محمد رضوان کودبئی بھیجنے کا فیصلہ کرلیا

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار22اکتوبر۔2015ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی ٹیم انتظامیہ کی درخواست پر وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو سرفراز احمد کے متبادل کے طوردبئی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ان کی روانگی کا انحصار ویزے پر ہوگا ۔ بیٹسمین اظہر علی پہلے ہی ویزے کے منتظر ہیں اور ان کی روانگی بھی ویزے پر منحصر ہے ۔ چیف سلیکٹر ہارون رشید نے بتایا کہ ٹیم انتظامیہ نے سلیکشن کمیٹی سے درخواست کی تھی کہ وکٹ کیپر سرفراز احمد کے بیک اپ کے طور پر محمد رضوان کو بھیجا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ سرفراز کو آرام دینے کی کوشش کی جارہی ہے اور یہ تاثر غلط ہے کہ انہیں ڈسٹرب کرنے کے لئے دوسرا وکٹ کیپر بھیجا جارہا ہے کیوں کہ ماضی میں دو وکٹ کیپرز ٹیم کے ساتھ جاتے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ہارون رشید نے کہا کہ محمد رضوان اور اظہرعلی کے ویزے کا انتظار ہے جیسے ہی ان دونوں کے ویزے جاری ہوگئے یہ دونوں دبئی پہنچ جائیں گے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین اظہرعلی کو اپنی ساس کے انتقال کی وجہ سے وطن لوٹنا پڑا تھا۔

پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے کافی دنوں سے وکٹ کیپر سرفراز احمد کے بیک اپ کی درخواست کررکھی تھی کیونکہ وہ نہیں چاہتی کہ اگر سرفراز احمد ان فٹ ہو جاتے ہیں تو اسے اسی طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے جیسا ابوظہبی ٹیسٹ میں یاسر شاہ کے ان فٹ ہوجانے کے وقت ہوا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو دوسرا سپنر دستیاب نہ تھا اور لیفٹ آرم سپنر ظفرگوہر کے نہ پہنچنے کے سبب مجبوراً تیز بولر عمران خان کو ٹیم میں شامل کرنا پڑا ۔ 23سالہ محمد رضوان نے 11 ون ڈے اور 6 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :