پی سی بی وفد کیساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر بی سی سی آئی کو احتجاجی خط ارسال کر دیاگیا،قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد بھی جمع

کشیدہ حالات سے بھی بے خبر ،مہمان نواز ی کے آداب کو یکسر نظر انداز کیا گیا ‘ شہریار خان کا بی سی سی آئی کے سربراہ کے نام خط کا متن

جمعرات 22 اکتوبر 2015 21:09

پی سی بی وفد کیساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر بی سی سی آئی کو احتجاجی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اکتوبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہر یار خان نے بھارت میں پی سی بی کے وفد کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر بھارتی کرکٹ بورڈ کو احتجاجی خط ارسال کر دیا، انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کو بھی بھارت میں پیش آنے والے واقعہ پر آگاہی کے لئے خط ارسال کیا جائے گا ،پیپلز پارٹی نے بھارت میں شیوسینا کے کارکنوں کے ہاتھوں پی سی بی کے وفد کے ساتھ ناروا سلوک پر مذمتی قرارداد بھی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہر یار احمد کی طرف سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ ششانک منوہر کے نام ارسال کئے گئے خط کے متن میں بھرپور شکوہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پی سی بی کے وفد نے بی سی سی آئی کی دعوت پر بھارت کا دورہ کیا ۔

(جاری ہے)

بھارت میں کشیدہ حالات سے بھی بے خبر رکھا گیا ۔ملاقات ملتوی ہونے کے بعد ٹیلیفون کر کے ملاقات کے ری شیڈولڈ ہونے یا آئندہ کے حوالے سے بھی کوئی آگاہی نہیں دی گئی اور پی سی بی کے وفد کو انتظار کے بعد وطن واپس آنا پڑا ۔

خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی طرف سے مہمان نواز ی کے آداب کو یکسر نظر انداز کیا گیا ۔ بتایا گیاہے کہ پی سی بی اس سلسلہ میں انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کو بھی خط ارسال کرے گا جس میں بھارت کی دعوت کے باوجود وہاں بلا کر روا رکھے جانے والے سلوک سے آگاہ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ پی سی بی کے سربراہ نے بدھ کے روز وطن واپسی پر ہنگامی پریس کانفرنس کی تھی جس میں انہوں نے آگاہ کیا تھاکہ بھارت اور آئی سی کو اس سلسلہ میں خط لکھا جائے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے بھارت میں انتہا پسند تنظیم شیوسینا کے کارکنوں کے ہاتھوں چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی قیادت میں جانے والے پی سی بی کے وفد سے ناروا سلوک پر مذمتی قرارداد بھی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی گئی ۔پیپلزپارٹی کے عمران ظفرلغاری، شازیہ مری اوردیگرارکان اسمبلی کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان بھارت کی جانب سے پاکستانیوں کے خلاف اقدامات اورممبئی میں چیئرمین پی سی بی کے ساتھ شیو سینا کے بلوائیوں کے ناروا سلوک کی مذمت کرتا ہے۔ حکومت معاملہ عالمی سطح پر اٹھا کر شیو سینا کودہشت گرد تنظیم قراردلوائے اوربھارتی ہائی کمشنرکو فوری طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرائے۔

متعلقہ عنوان :