دبئی ٹیسٹ ، پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 178رنز سے شکست دیکر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں دیئے گئے 491رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 312رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی

پیر 26 اکتوبر 2015 20:37

دبئی ٹیسٹ ، پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 178رنز سے شکست ..

دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اکتوبر۔2015ء) دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 178رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ،پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں دیئے گئے 491رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 312رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی،پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے 4، ذوالفقار بابر نے 3، عمران خان نے 2 اور وہاب ریاض نے 1کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پیرکو دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ اور جانی بیرسٹو نے 130رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔دونوں کھلاڑیوں نے اپنی شراکت کو بڑھاتے ہوئے ٹیم کے 150رنز مکمل کرائے تاہم اس سے قبل کہ یہ شراکت پاکستانی ٹیم کیلئے مزید خطرناک ثابت ہوتی، ذوالفقار بابر نے 71رنز بنانے والے روٹ کو یونس خان کی مدد سے قابو کر لیا،دوسری وکٹ کیلئے بھی پاکستانی بولرز کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور مجموعی اسکور میں صرف 6رنز کے اضافے کے بعد بیرسٹو22رنز پرلیگ اسپنر یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

(جاری ہے)

جوز بٹلر کا بھی وکٹ پر قیام محض سات رنز تک محدود رہا اور اننگ میں یاسر شاہ کی تیسری وکٹ بنے جبکہ بین اسٹوکس 13رنز بنانے کے بعد عمران خان کا شکار بنے۔اس کے بعد اختتامی بلے بازوں نے پاکستان کیلئے ایک آسان فتح کو ڈرانے خواب میں بدل دیا۔اسٹورٹ براڈ نے عادل راشد کے ساتھ مل کر بہترین مزاحمت دکھائی اور دونوں کھلاڑیوں نے 60رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستانی کپتان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

وہاب ریاض نے اسٹورٹ کی وکٹیں بکھیر کر پاکستان کو آٹھویں کامیابی دلائی لیکن مارک وڈ پاکستان کی توقعات کے برعکس ترنوالہ ثابت نہ ہوئے۔انہوں نے عادل راشد کے ساتھ مل کر تحمل کے ساتھ زیادہ سے زیادہ اوورز کھیلتے ہوئے میچ ڈرا کرنے کی حکمت عملی بنائی۔دونوں کھلاڑیوں نے مشکل مرحلے پر تقریباً 30اوورز تک پاکستانی باؤلنگ کا سامنا کیا لیکن ایک ایسے موقع پر جب میچ ختم ہونے میں محض 12اوورز باقی تھے، ذوالفقار بابر نے محمد حفیظ کے شاندار کیچ کی بدولت پاکستان کو میچ میں فتح کے نزدیک پہنچا دیا۔

عادل راشد ایک بار پھر پاکستان اور فتح کے بیچ آ کھڑے ہوئے تاہم مسلسل تحمل کے ساتھ بلے بازی کرنے والے عادل یاسر شاہ کی ایک گیند کو کھیلنے کی غلطی کر بیٹھے جو سیدھا ذوالفقار کے ہاتھوں میں محفوظ ہو گئی ۔ اس طرح انگلینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 312رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جس کے ساتھ ہی پاکستان نے 178رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔عادل راشد نے 61رنز کی شاندار اننگ کھیلی لیکن اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے 4، ذوالفقار بابر نے 3، عمران خان نے 2 اور وہاب ریاض نے 1کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔یاسرشاہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ،انہوں نے میچ میں8وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ،سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ یکم نومبر سے شارجہ میں کھیلا جائے گا اور پاکستان کے پاس آخری ٹیسٹ میچ جیت کر اپنی ٹیسٹ رینکنگ میں بہتری لانے کا موقع ہے ۔

واضح رہے کہ ابوظہبی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرامائی انداز میں ڈرا پر منتج ہوا تھا۔پاکستان کی اننگز میں یونس خان کے 118رنز، اسد شفیق کے 79رنز اور مصباح الحق کے 87رنز قابل ذکر ہیں۔ اسد شفیق کے آؤٹ ہوتے ہی کپتان مصباح الحق نے اننگز کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔

متعلقہ عنوان :