دوسرا ٹیسٹ ، انگلش ٹیل اینڈرز نے نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

پیر 26 اکتوبر 2015 22:46

دوسرا ٹیسٹ ، انگلش ٹیل اینڈرز نے نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

دبئی (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار26اکتوبر۔2015ء ) پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے 5ویں دن بھرپور مزاحمت کا مظاہرہ کرنے والے انگلینڈ کے ٹیل اینڈرز نے ایک نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے . میچ کے آخری دن کھانے کے وقفے تک ایسا محسوس ہوتا تھا کہ پاکستان باآسانی فتح حاصل کر لے گا لیکن انگلینڈ کے ٹیل اینڈرز نے پاکستان کے عزائم خاک میں ملانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی . انگلینڈ کے عادل رشید آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے تو میچ میں ان کی ٹیم کی پوزیشن بہت کمزور تھی لیکن ان کی کوششوں نے پاکستان کے لیے اس میچ کو ترنوالہ بننے نہ دیا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے تقریباً چار گھنٹے بیٹنگ کی اور172گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 61 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار ہوئے ۔ 9ویں نمبر کے بیٹسمین سٹورٹ براڈ نے 42 ، 10ویں کھلاڑی مارک ووڈ نے 95 جب کہ 11ویں بیٹسمین جیمز اینڈرسن نے 13 گیندوں کا سامنا کیا اور یوں عادل رشید سمیت آخری چار بیٹمسینوں نے پاکستان کیخلاف آخری اننگز میں سب سے زیادہ 322 گیندیں کھیلنے کا ریکارڑ قائم کردیا ۔ اس سے قبل یہ ریکارڑ نیوزی لینڈ کے پاس تھا جس نے 2009ء میں سری لنکا کے خلاف اپنے ہوم گرائونڈ پر 298 گیندیں کھیل کر بنایا تھا ۔