پی سی بی کی مصباح الحق سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ موخرکرنے کی اپیل

جمعہ 30 اکتوبر 2015 16:47

پی سی بی کی مصباح الحق سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ موخرکرنے کی اپیل

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 اکتوبر۔2015ء)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کپتان مصباح الحق سے ریٹائرمنٹ کا ارادہ موخر کرنے کی اپیل کردی۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ اگلے سال پاکستان ٹیم کوانگلینڈ اورآسٹریلیا کا دورہ کرناہے۔ جہاں قومی ٹیم کو تجربہ کار قیادت کی ضرورت ہوگی۔مصباح الحق بھارت کیخلاف سیریز میں قیادت کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا تھا۔

دسمبر میں پاک،بھارت سیریز کا امکان معدوم ہونے کے بعد یواے ای روانگی سے قبل انہوں نے عندیہ دیا تھاکہ یہ ان کی آخری سیریز ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی حکام نے مصباح الحق سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ موخر کرنے کوکہاہے۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے کہ ہم نے مصباح الحق سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ایک سال تک موخر کرنے کو کہاہے، کیونکہ اگلے سال پاکستان کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کے اہم ٹورز کرنا ہیں۔ جس میں مصباح الحق کی بطور کپتان اور سینئر کھلاڑی موجودگی بیحد ضروری ہے۔مصباح الحق پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان ہیں۔جن کی قیادت میں قومی ٹیم انیس ٹیسٹ جیت چکی ہے۔ انگلینڈ کیخلاف دوٹیسٹ کی چار اننگز میں بھی وہ تین، اکیاون،ایک سودو اورستاسی رنزبناچکے ہیں۔