لیگ سپنر یاسر شاہ نے صرف 11میچوں میں دنیائے کرکٹ پر اپنی برتری ثابت کردی

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 17:44

لیگ سپنر یاسر شاہ نے صرف 11میچوں میں دنیائے کرکٹ پر اپنی برتری ثابت کردی

شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اکتوبر۔2015ء) قومی ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ نے صرف چند ہی ٹیسٹ میچز میں نہ صرف مخالفین پر اپنی دھاک بٹھا دی ہے بلکہ کرکٹ کی تاریخ کے عظیم لیگ سپنرز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ برس اکتوبر میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے یاسر شاہ اب تک 11 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں اور اب تک 24.55 کی اوسط سے 69 وکٹیں لے چکے ہیں اور ان کا وکٹ لینے کا ریٹ 48.7 ہے۔

یاسر شاہ اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں 4 مرتبہ پانچ یا زائد وکٹیں لے چکے ہیں۔آسٹریلیا کے عظیم بالر شین وارن اتنے ہی ٹیسٹ میچز میں 30.81 کی اوسط سے صرف 31 وکٹیں حاصل کر پائے تھے اور ان کا وکٹ لینے کا سٹرائک ریٹ 72.2 ہے، اس وقفے کے دوران شین وارن صرف ایک بار 5 وکٹیں حاصل کر سکے تھے۔

(جاری ہے)

بھارت کے لیگ سپنر انیل کمبلے نے11 ٹیسٹ میچز کے دوران 24.66 کی اوسط سے 53 وکٹیں حاصل کی تھیں اور ان کا وکٹ حاصل کرنے سٹرائیک ریٹ 70.3 تھا جب کہ انیل کمبلے 3 مرتبہ 5 یا زائد وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادو وکٹیں حاصل کرنے والے سپنر دانش کنیریا نے 11 ٹیسٹ میچز میں 25 کی اوسط سے 40 شکار کئے تھے اور ان کا وکٹ حاصل کرنے کا سٹرائیک ریٹ 51.7 گیندیں تھا۔ اس دوران دانش کنیریا 4 مرتبہ 5 وکٹیں اور ایک مرتبہ میچ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔

متعلقہ عنوان :