خیرپور ، جونیجو پولنگ سٹیشن پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ف) کے حامیوں کے درمیان تصادم ، فائرنگ کے تبادلے میں 11 افراد ہلاک ، متعدد زخمی ، فوری ہسپتال منتقل، بعض کی حالت تشویشناک ، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 19:11

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اکتوبر۔2015ء ) خیرپور کی یونین کونسل درازہ شریف کے جونیجو پولنگ سٹیشن پر دو سیاسی گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 11 افراد ہلاک اور 10سے زائد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتالوں میں منتقل کردیاگیا،جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ، واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال کشید ہ ہوگئی جس پر قابو پانے کیلئے فوج طلب کرلی گئی تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو خیر پور کے علاقے رانی پور میں واریو واہن پولنگ سٹیشن پر بلدیاتی انتخابات کی پولنگ کے پہلے مرحلے کے دوران پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (فنکشنل) کے امیدواروں کا آپس میں جھگڑا ہو گیا ،جھگڑے کے دوران بات بڑھتے بڑھتے لاتوں ، مکوں ،کرسیوں اور ڈنڈوں سے ہوتی ہوئی فائرنگ تک جا پہنچی، جس کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق اور متعدد شدید زخمی ہو گئے،جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا ۔

(جاری ہے)

خیر پور میں انتخابی عمل شروع ہوتے ہی صورتحال کشیدہ رہی جو بڑھتے بڑھتے پی پی او ر فنکشنل لیگ کے درمیان خونی تصادم میں بدل گئی دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر تے رہے ۔ ذرائع کے مطابق یونین کونسل درازہ کے پولنگ اسٹیشن پر اس وقت فائرنگ ہوئی جب دو نوں سیاسی جماعتوں کے کارکنان آمنے سامنے آئے اور ایک دوسرے پر دھاندلی کا الزام لگانے لگے، تلخ کلامی کے بعد فریقین کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور متعددزخمی ہوگئے۔

فائرنگ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی جس کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔اس موقع پرپولیس و سیکیورٹی کے اہلکار خاموش تماشائی بنے رہے ۔ تصادم کے دوران انتخابی عملہ اور ووٹرز اپنی جان بچانے کیلئے بھاگ نکلے ۔صورتحال پر قابو پانے کیلئے فوج طلب کرلی گئی ۔