انگلش پریمیر لیگ میں چیلسی کو ایک اور شکست ، منیجر جوزے مورینیو کی مشکلات بڑھ گئیں

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 22:41

انگلش پریمیر لیگ میں چیلسی کو ایک اور شکست ، منیجر جوزے مورینیو کی مشکلات ..

لندن (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار31اکتوبر۔2015ء ) دنیا کےبہترین فٹ بال مینیجر سمجھے جانے والے جوزے مورینیو اپنے پروفیشنل کریئر کے سخت ترین مرحلے سے گذر رہے ہیں کیوں کہ انگلش پریمیئر لیگ میں گذشتہ سال کے چیمپیئن کلب چیلسی کی خراب کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور سنیچر کو اسے لیورپول کے ہاتھوں شکست کے بعد منیجر جوزے مورینیو کو ہٹانے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے ۔

میچ سے قبل برطانوی ذرائع ابلاغ میں افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ لیورپول کے ہاتھوں شکست کی صورت میں چیلسی کلب کے روسی ارب پتی مالک رومن ابراہمووچ مورینیو کو بطور چیلسی مینیجر چھٹی کر دیں گے ۔ مورینیو چیلسی کلب کی تاریخ کے سب سے کامیاب منیجر ہیں لیکن رواں برس ان کی ٹیم کو اوپر تلے ناکامیوں کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

لیور پول کے خلاف میچ کے ابتدائی لمحات میں چیلسی کے برازیلی مڈفیلڈر رمیریز نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی لیکن اعتماد سے عاری اور گھبرائی ہوئی چیلسی ٹیم اس برتری کو برقرار رکھنے میں ناکام رہی اور لیورپول نے اوپر تلے تین گول کر کے اپنی فتح کو یقینی بنا لیا ۔

لیور پول کی جانب سے برازیلی کھلاڑی فلپ کوٹینو نے دو گول کیے جبکہ کرسچیئن بینٹکے نے ایک گول کیا ۔ میچ میں جوزے میرینو نے گذشتہ برس کے فٹ بالر آف دی ایئر کا اعزاز پانے والے ایڈن ہیزڈ اور سیس فیبریگاس کو ٹیم میں شامل نہیں کیا تھا ۔ خیال رہے کہ رواں برس ابتدائی 11 میچوں میں سے 6 میچ ہارنے والی چیلسی کی ٹیم گذشتہ سیزن میں اپنے کل 38 میچوں میں سے صرف 3 میچ ہاری تھی ۔ پریمیئر لیگ کے رواں سیزن میں چیلسی نے کھیلے گئے گیارہ میچوں میں صرف تین جیتے ہیں جبکہ چھ میچوں میں اسے شکست ہوئی ہے اور دو میچ برابری پر ختم ہوئے۔ ٹیبل پر چیلسی 15ویں پوزیشن پر موجود ہے جب کہ یورپین چیمپئن شپ میں بھی چیلسی کی کارکردگی اچھی نہیں ہے اور وہ تین میچوں میں صرف ایک جیت سکی ہے ۔

انگلش پریمیر لیگ میں چیلسی کو ایک اور شکست ، منیجر جوزے مورینیو کی مشکلات ..