دسمبر میں باہمی سیریزکے لئے رابطہ سے قبل ہی بنگلہ دیش نے لال جھنڈی دکھا دی

منگل 3 نومبر 2015 12:43

دسمبر میں باہمی سیریزکے لئے رابطہ سے قبل ہی بنگلہ دیش نے لال جھنڈی دکھا ..

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 نومبر۔2015ء) بنگلہ دیش نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دسمبر میں باہمی سیریز کے لئے باضابطہ رابطہ سے قبل ہی لال جھنڈی دکھا دی ہے اور بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے کہا ہے کہ ہمارے لیے اگلے چند ماہ کافی مصروف ہیں، اضافی میچز سے کھلاڑیوں کو فٹنس مسائل سے دوچار کرنے کا خطرہ مول نہیں لے سکتے۔اطلاعات کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان رواں برس کے آغاز سے ہی اس بات پر اصرار کررہے تھے کہ بھارتی بورڈ کی جانب سے سیریز سے انکار کی صورت میں انکے پاس پلان بی موجود ہے، مگر یہ بھی حقیقت سب کے سامنے تھی کہ دسمبر میں بنگلہ دیش اور زمبابوے کے سوا اور کوئی ٹیم فارغ ہی نہیں ہوگی۔

گذشتہ دنوں شہریارخان نے ایک بنگلہ دیشی چینل سے بات چیت میں عندیہ دیا کہ دسمبر میں ہم بی پی ایل کے بعد ٹائیگرز سے دبئی میں سیریز کھیل سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے آفیشل رابطہ کرنے سے قبل ہی بی سی بی کے صدر نظم الحسن کہتے ہیں کہ درحقیقت ہمارے پاس وقت بہت کم ہے، نومبر میں ہم زمبابوے سے سیریز کھیل رہے ہیں، اس کے بعد بی پی ایل ہوگی، پھر ہمارے کھلاڑیوں کو آرام کا مختصر وقت ملے گا اور زمبابوین ٹیم ٹیسٹ ٹور کیلیے دوبارہ پہنچ جائے گی۔

ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی 20 ایونٹ بھی ہونے ہیں۔ نطم الحسن نے کہا کہ مصروف ترین شیڈول کے درمیان ہمارے کھلاڑیوں کو تازہ دم ہونے کیلیے صرف15 دن ہی میسر آئیں گے، اس میں ہم اضافی میچز کھیل کر ان کے انجری کا شکارہونے کا خطرہ مول نہیں لے سکتے۔ واضح رہے کہ 22 نومبر سے شروع ہونے والی بی پی ایل 15 دسمبر کو ختم ہوگی جبکہ زمبابوین ٹیم ٹیسٹ ٹور پر جنوری کے شروع میں بنگلہ دیش کا رخ کرے گی۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چوہدری نے واضح کیا کہ پی سی بی کی جانب سے ٹور کے حوالے سے آفیشل طور پر ہم سے رابطہ نہیں کیا گیا۔