پاپ سٹار ٹیلر سوِفٹ پر بول چوری کرنے کا مقدمہ

منگل 3 نومبر 2015 13:55

پاپ سٹار ٹیلر سوِفٹ پر بول چوری کرنے کا مقدمہ

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 نومبر۔2015ء)مشہور پاپ سٹار ٹیلر سوِفٹ پر مبینہ طور پر 2014 کے مشہور گانے ’شیک اِٹ آف‘ کے بول چوری کرنے پر چار کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔امریکی آر اینڈ بی گلوکار جیسی براہم نے دعویٰ کیا ہے کہ سوِفٹ نے اس گانے کے بول 2013 میں ان کے لکھے ہوئے گانے ’ہیٹرز گون ہیٹ‘ میں سے چرائے ہیں۔

براہم زر تلافی کے ساتھ ساتھ ٹیلر سوِفٹ کے گانے کے لکھنے والوں کے ناموں میں اپنا نام بھی شامل کروانا چاہتے ہیں۔ٹیلر سوِفٹ کے نمائندوں کی جانب سے اس مقدمے پر سرکاری تبصرہ ابھی آنا ہے۔شیک اٹ آف گانا دنیا کے میوزک چارٹ پر سر فہرست رہا اور برطانیہ میں اس کی پوزیشن دوسری رہی جبکہ اس گانے کی ویڈیو کو یوٹیوب پر ایک ارب سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

براہم جو اپنے سٹیج نام ’جیسی گراہم‘ سے مشہور ہیں کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس جملے ’ہیٹرز گون ہیٹ‘ اور ’پلیئرز گونا پلے‘ کے جملہ حقوق ( کاپی رائٹس) محفوظ ہیں اور یہ الفاظ سوِفٹ کے گانے کے کورس میں شامل ہیں۔بول کے اعتبار سے تو گانا ایک سا لگتا ہے لیکن موسیقی کے لحاظ سے ان میں کوئی مشابہت نہیں ہے۔براہم نے ایک امریکی اخبار کو بتایا کہ ان کے خیال میں ’ایسا ممکن ہی نہیں کہ سوِفٹ نے اپنے گانے کے بول خود ہی لکھ لیے ہوں۔انھوں نے مزید کہا کہ ’سوفٹ کا نغمے کا ہْک ویسا ہی ہے جیسا میرے گانے کا ہے۔ اگر میں یہ گانا نہ لکھتا تو شیک اٹ آف نامی کوئی گانا ہی نہ ہوتا۔