بلبل صحرا ریشماں کو اپنے پرستاروں سے بچھڑے دو برس بیت گئے

منگل 3 نومبر 2015 13:58

بلبل صحرا ریشماں کو اپنے پرستاروں سے بچھڑے دو برس بیت گئے

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 نومبر۔2015ء)عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشناس کرانے والی لوک فنکارہ بلبل صحرا ریشماں کو اپنے پرستاروں سے بچھڑے دو برس بیت گئے۔ ان کے گیت آج بھی نہ صرف ملک بلکہ سرحدپار بھی بے حد مقبول ہیں۔ ہندوستان کی ریاست راجستھان کے علاقے بیکانیر کے ایک گاوٴں لوحا میں 1947ء میں پیدا ہونے والی گلوکارہ ریشماں کا تعلق ایک خانہ بدوش خاندان سے تھا۔

(جاری ہے)

تقسیم کے بعد پاکستان کے علاقے تھر میں رہنے والی ریشماں کو بارہ سال کی عمر میں ریڈیو پاکستان پر گانے کا موقع ملا۔ پاکستان ٹیلی ویژن کے قیام کے بعد انہوں نے پی ٹی وی پر گانا شروع کر دیا۔ دھیرے دھیرے انہیں مقبولیت حاصل ہوئی اور ریشماں کی آواز سرحد پار تک سنی گئی۔ جہاں ان کے بھارتی فلم میں گیت لمبی جدائی نے شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ ریشماں کو پاکستان میں کئی اعزازت سے نوازا گیا۔ انہیں ستارہ امتیاز اور لیجنڈ آف پاکستان کا ایوارڈ دیا گیا۔ ریشماں تین نومبر 2013 کو چھیاسٹھ برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ فن موسیقی کے وابستہ لوگ آج بھی ریشماں کی خداداد صلاحیتوں کے معترف ہیں۔