شارجہ ٹیسٹ ، تیسرے روز انگلش ٹیم 306رنز پر آل آؤٹ ، 72رنز کی برتری حاصل

منگل 3 نومبر 2015 14:16

شارجہ ٹیسٹ ، تیسرے روز انگلش ٹیم 306رنز پر آل آؤٹ ، 72رنز کی برتری حاصل

شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار3 نومبر۔2015ء ) شارجہ ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ کی پوری ٹیم 306رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ۔ تیسرے دن جب کھیل شروع ہوا تو جیمز ٹیلر کریز پر زیادہ نہ ٹک پائے اور 76رنز بنا کر راحت علی کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھو ں کیچ آؤٹ ہوگئے ، وکٹ کیپر بیئر سٹو 43رنز بنا کر ذوالفقار بابر گیند کرنے کی کوشش میں بولڈ ہوئے ، ان کے بعد سمت پٹیل اور عادل رشید نے ساتویں وکٹ کے لیے 40قیمتی رنز کا اضافہ کیا ،کھانے کے وقفے سے کچھ لمحے پہلے عادل رشید شعیب ملک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔

کھانے کے وقفے کے بعد جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو سمت پٹیل42رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ جیمز اینڈرسن بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹکے اور 7رنز بنا کر شعیب ملک کا شکار بنے ۔

(جاری ہے)

میچ کے دوسرے روز زخمی ہونے والے برطانوی آل راؤنڈر بین سٹوکس بیٹنگ کے لیے آنے والے آخری کھلاڑی تھے تاہم وہ بھی کچھ خاص نہ کر پائے اور بغیر کوئی رن بنائے شعیب ملک کی گیند پر بولڈ ہوگئے او ر یوں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 72رنز کی برتری حاصل کرلی۔انگلینڈ کی جانب سے جیمز ٹیلر 76،کک49،بیئر سٹو43اور پٹیل 42رنز کیساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے 4 ، یاسر شاہ نے 3،راحت علی نے2اور ذوالفقار بابر نے 1کھلاڑی آؤٹ کیا ۔