جنوبی افریقی ایتھلیٹ آسکر پسٹوریئس کی ریوا قتل کیس سے جان نہ چھوٹ سکی

بدھ 4 نومبر 2015 15:14

جنوبی افریقی ایتھلیٹ آسکر پسٹوریئس کی ریوا قتل کیس سے جان نہ چھوٹ ..

پریٹوریا (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار4 نومبر۔2015ء ) قتل کا کیس جنوبی افریقی ایتھلیٹ آسکر پسٹوریئس کا پیچھا نہیں چھوڑ رہا ۔ وہ اپنی سزا کا پانچواں حصہ جیل میں گذار کر پیرول پر رہا ہوچکے ہیں لیکن اب کیس نیا رخ اختیار کرگیا ہے ، استغاثہ کا کہنا ہے کہ دونوں ٹانگوں سے معذور اولمپئن کو اپنی گرل فرینڈ ریوا سٹین کیمپ کے قتل کا مجرم ٹھہرایا جائے ۔

مقدمہ کی ایک روزہ سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی جس میں سرکاری وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کی جج نے فیصلہ سنانے میں قانونی غلطیاں کرتے ہوئے انہیں مجرم قرار نہیں دیا لہٰذا آسکر کو دوبارہ گرفتار کرکے جیل بھیجا جائے ۔ سپریم کورٹ نے اگلی کارروائی کے موقع پر فیصلہ سنانے کا اعلان کیا ۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ عدالت عالیہ کے پانچ ججز پر مشتمل پینل کے پاس تین آپشنز ہیں ، آسکر کو قتل کا مجرم قرار دیا جاسکتا ہے، مقدمے کو نئے سرے سے شروع کیا جاسکتا ہے جب کہ استغاثہ کی اپیل کو مسترد بھی کیا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ماڈل ریوا اسٹین کیمپ کو آسکر پسٹوریئس نے 13 فروری 2013ء کی شب اس وقت دروازے پر چار گولیاں مار کر ہلاک کردیا تھا جب وہ غسل خانے میں تھیں ۔ ان کا موقف ہے کہ انہوں نے یہ غلط فہمی میں کیا کیونکہ ان کا خیال تھا گھر میں کوئی چور گھس آیا ہے ۔